مزیدار کھانوں کی آسان ترکیب

بنائیں اپنی پسند کے لذیز کھانے خود اپنے ہاتھوں سے۔

بنائیں اپنی پسند کے لذیز کھانے خود اپنے ہاتھوں سے۔ فوٹو: فائل

یخنی پُلاؤ

اجزا: مرغ ( ثابت ): ایک عدد، ثابت الائچی: چار عدد، کالی مرچ: دس عدد، نمک: ساڑھے تین چمچے، پیاز: دو عدد، لونگ: تین عدد، باسمتی چاول: ڈھائی کپ، گھی: پانچ کھانے کے چمچے، لہسن: دو جوے ( کُچل لیں)، ادرک ( کُچلی ہوئی): نصف چائے کا چمچہ، گرم مسالا: نصف چائے کا چمچہ، پسی الائچی: نصف چائے کا چمچہ، عرق گلاب: تین کھانے کے چمچے، کشمش: چوتھائی کپ، بادام ( فرائی کیے ہوئے): چوتھائی کپ، مٹر کے دانے( فرائی کیے ہوئے: ایک کپ، اُبلے ہوئے انڈے: تین عدد ( دو دو ٹکڑے کرلیں )، نوٹ: موخرالذکر تین اجزا کااستعمال آپ کی صوابدید پر ہے۔

بنانے کا طریقہ:

مرغ، الائچی، کالی مرچ، پیاز، لونگ اور نمک پانی میں ڈال کر چولھے پر چڑھادیں۔ ایک سے ڈیڑھ گھنٹے تک پکنے دیں یہاں تک کہ یخنی بن جائے۔ اب چولھے سے اتار کر ٹھنڈا کرلیں۔ مرغ باہر نکال لیں۔ یخنی کم از کم چار کپ ضرور ہونی چاہیے۔گوشت کو ہڈیوں سے الگ کرلیں اور چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر ایک طرف رکھ دیں۔

چاول اچھی طرح دھولیں ، اور چھلنی میں رکھ کر سُوکھنے کے لیے چھوڑ دیں۔ چاول قدرے خشک ہوجائیں تو ایک بڑے برتن یا دیگچی وغیرہ میں گھی ڈال کر پیاز بھونیں یہاں تک کہ سنہری ہوجائیں۔ اب اس میں لہسن اور ادرک ڈال کر مزید ایک دو منٹ تک بُھونیں۔ اس دوران چمچہ مسلسل چلاتے رہیں۔

چاول شامل کردیں اور درمیانی آنچ پر پانچ منٹ تک بُھونیں۔ اس دوران سوراخ دار چمچے سے مسلسل چلاتے رہیں۔

اب دیگچی میں گرم یخنی، گرما مسالا، پسی الائچی، ڈیڑھ کھانے کا چمچہ نمک، عرق گلاب، کشمش اور گوشت ڈال دیں اور اچھی طرح چلائیں۔ پھر دیگچی کو ڈھک دیں، اور دھیمی آنچ پر بیس منٹ تک پکنے دیں۔ اس دوران ڈھکن نہ ہٹائیں اور نہ ہی چمچہ چلائیں۔

چاول پک جائیں تو چولھے سے اُتار لیں۔ ڈش میں احتیاط سے نکال لیں۔ بادام، مٹر کے دانوں اور انڈوں سے سجا کر پیش کریں۔

ملائی تکّا بریانی


اجزا: مرغ کا گوشت: نصف کلوگرام ( بغیر ہڈی کا)، چاول: نصف کلوگرام ( بھگولیں)، ہلکے سبز ٹماٹر: چار عدد، ثابت کالی مرچ: ایک چائے کا چمچہ، نمک: ڈیڑھ چائے کا چمچہ، سفید زیرہ: دو چائے کے چمچے( کُوٹ کر بُھون لیں)، پسی ہوئی سرخ مرچ: ایک چائے کا چمچہ، لہسن ادرک کا پیسٹ: ایک چائے کا چمچہ، کریم: ایک کپ، سبز الائچی: چار عدد، زردے کا رنگ: چوتھائی چائے کا چمچہ، کیوڑہ: ایک چائے کا چمچہ، پودینہ: ایک گٹھی، تیل: نصف کپ، دہی:ایک کپ، مکھن: ایک چھٹانک، کوئلہ: ایک ٹکڑا

بنانے کا طریقہ:

ایک برتن میں گوشت ڈال دیں۔ اب اس میں نمک، دہی، کریم، کُٹی ہوئی کالی مرچیں، زیرہ، سرخ مرچ ، الائچی، اور لہسن ادرک کا پیسٹ شامل کریں۔ تمام اجزا کو اچھی طرح مکس کرلیں اور آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

فرائی پان میں تیل گرم کرکے اس میں کٹے ہوئے ٹماٹر ڈالیں اور اچھی طرح بھون لیں۔ جب ٹماٹرنرم ہوجائیں تو اس میں چکن ڈال دیں اور اچھی طرح بُھونیں۔ ایک علیٰحدہ برتن میں مکھن گرم کرکے اس میں پسی ہوئی ہر مرچیں، نمک اور چاول ڈال دیں اور پانچ منٹ کے لیے فرائی کریں۔ بعدازاں پانی ڈال کر ڈھک دیں، یہاں تک کہ چاول اچھی طرح اُبل جائیں۔ اب اس میں گوشت ڈال دیں۔ اوپر سے پودینہ، کیوڑہ اور زردے کا رنگ ڈال کر دم پر دکھ دیں۔ آخر میں کوئلے سے دم دیں۔ مزیدار ملائی تکا بریانی تیار ہے۔ رائتے کے ساتھ پیش کریں۔

فالودہ

اجزا: دودھ: ایک گلاس، چائنیز نوڈلز: ایک سے دو اونس، روح افزا: ڈیڑھ چمچہ، تخم بالنگا: نصف چائے کا چمچہ، پستہ قلفی یا سادہ آئس کریم

بنانے کا طریقہ:

تخم بالنگا کو ایک گھنٹے کے لیے پانی میں بھگودیں۔ نوڈلز کو پندرہ منٹ تک پانی میںابال لیں۔ پھر کچھ دیر خشک کرنے کے بعد دھیمی آنچ پر دودھ میں پانچ سے دس منٹ تک اُبالیں۔ اب چولھا بند کردیں اور نوڈلز کو ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔ چاہیں تو جلد ٹھنڈا کرنے کے لیے ان میں برف بھی ڈال سکتے ہیں۔ برف کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے ڈال کر چمچے سے ہلاتے رہیں تاکہ نوڈلز جلد ٹھنڈے ہوجائیں۔

ٹھنڈے نوڈلزگلاس میں ڈالیں۔ پھر روح افزا، دودھ اور کُٹی ہوئی برف ڈال کر مکس کرلیں۔ آخر میں ایک یا دو چمچے آئس کریم ڈال دیں۔ مزیدار فالودہ تیار ہے۔
Load Next Story