مسلم لیگ ن اپنے لیڈر کے کرپٹ ثابت ہونے پرمٹھائیاں بانٹ رہی ہے عمران خان

ہم نے طویل جدوجہد کے بعد ملک کی سب سے طاقتور شخصیت کو قانون کے کٹہرے میں لاکھڑا کیا، عمران خان

سپریم کورٹ کے علاوہ تمام ملکی ادارے تباہ کردیئے گئے ہیں، چیئرمین تحریک انصاف فوٹو: آن لائن

پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ایک پارٹی اپنے لیڈر کے کرپٹ اور جھوٹا ثابت ہونے پر جشن منار ہی ہے جب کہ ہم ملک کی طاقتور شخصیت کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنے پر مٹھائیاں بانٹ رہے ہیں۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف سپریم کورٹ اور عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاناما کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ کے 5 ججز نے جو فیصلہ دیا انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں یہ فیصلہ پاکستان کی نئی تاریخ بن گیا ہے ججز نے نیب چئیرمین کو بھی آڑے ہاتھوں لیا جب کہ اس فیصلے پر بھی ایک پارٹی اس لئے جشن منا رہی ہے کہ ان کا لیڈر جھوٹا اور کرپٹ ثابت ہوا اور ہم اس لئے جشن منارہے ہیں کہ ایک طویل جدوجہد کے بعد ہم نے ملک کی طاقتور ترین شخصیت کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کردیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: فیصلوں میں اختلافی نوٹ پر اتنا شور دنیا میں کہیں نہیں ہوتا


عمران خان کا کہنا تھا کہ بنی گالا میں 5 مرلے کی جگہ پر اپارٹمنٹس اور پلازے بنائے جارہے ہیں جب کہ سیوریج کا گندا پانی راول ڈیم میں بہا دیا جاتا ہے اور اسی راول ڈیم سے راولپنڈی کے عوام پانی پیتے ہیں سیوریج کا پانی پینے سے متعدد بچے مررہے ہیں جب کہ درخت کٹنے سے آلودگی پھیل رہی ہے۔ میں نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان کو بنی گالامیں ہونے والی غیرقانونی تعمیرات کے حوالے سے خط لکھا تھا جس کا مقصد عوامی مفاد تھا اگر عدالت نے مداخلت نہ کی تو 5 سال تک کچھ نہیں بچے گا اور آج بھی چیف جسٹس سے اسی حوالے سے بات کی جس مثبت جواب آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ صرف بنی گالا کا نہیں بلکہ پورے ملک میں درخت کاٹے جارہے ہیں جو آنے والے چند برسوں میں پاکستان کے نقصان دہ ثابت ہوگا جب کہ کراچی کے بہت سے پارکس کو قبضہ مافیا نے اپنی کمائی کا ذریعہ بنا لیا ہے میدانوں پر قبضے کرکے نئے ٹیلنٹ کو پیچھے دھکیلا جارہا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ؛ عمران خان اور حمزہ شہبازکے خلاف فیصلہ محفوظ

عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے چیف جسٹس سے بھی کہا ہے کہ عوام کو عدلیہ پر بہت امیدیں ہیں اور اب عوام کو صرف عدالت عظمیٰ پر ہی اعتماد رہ گیا ہے ہم سپریم کورٹ اور ماتحت عدالتوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے کہا کہ ملک اداروں پر چلتے ہیں اور یہی بات میں گزشتہ کئی برسوں سے کہہ رہا ہوں کہ سپریم کورٹ کے علاوہ تمام ملکی ادارے تباہ کردیئے گئے ہیں اگر ادارے مضبوط ہوں گے تو وزیراعظم سمیت کوئی بھی کرپشن نہیں کرے گا۔
Load Next Story