قائد اعظم ٹرافی کرکٹ صوابی میں بولرز کا راج 18 وکٹیں گر گئیں

فیصل آباد92 پر آئوٹ، ایبٹ آباد 126پر8 پلیئر ز سے محروم، یاسر شاہ کے 6 شکار۔


Sports Reporter January 20, 2013
کراچی بلوز کے ملتان کیخلاف4 وکٹ پر 289 رنز، وقاص کی سنچری۔ فوٹو : فائل

قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا پانچواں رائونڈ ہفتے سے ملک کے مختلف شہروں میں شروع ہوگیا۔

صوابی میں بولرز کا راج رہا اور پہلے روز 18وکٹیں گر گئیں،فیصل آبادکو92رنز پر آئوٹ کرنے والی ایبٹ آباد کی ٹیم نے خود بھی126رنز پر8 وکٹیں گنوا دیں،یاسر شاہ نے 6کھلاڑی ٹھکانے لگائے،لاہور شالیمار کے اعزاز چیمہ کی تباہ کن بولنگ کے سبب راولپنڈی کی ٹیم157رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ محمد وقاص کی سنچری کی بدولت کراچی بلوز نے ملتان کیخلاف4وکٹ پر 289 رنز بنا لیے،رضوان اورہارون کی ففٹیز کے باوجود سیالکوٹ کیخلاف پشاور نے245رنز پر 7 وکٹیں گنوا دیں،حیدرآباد نے بہاولپور کے سامنے3 وکٹ پر277 رنز کے ساتھ گرفت مضبوط بنالی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق صوابی کے گوہاٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے ہی روز 18 وکٹیں گر گئیں،فیصل آباد کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں یاسر شاہ کی بولنگ کے سامنے بے بس ہو کر محض 40.5 اوورز میں 92رنز کے مختصر اسکور پر پسپا ہوگئی،عثمان ارشد نے 22 رنز کے ساتھ ٹیم کو سنبھالا دینے کی ناکام کوشش کی،یاسر شاہ نے 20 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوںکو ٹھکانے لگایا، عزیز الرحمان نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور صرف8رنز دے کر2کھلاڑیوں کو واپس ڈریسنگ روم بھیجا۔

جواب میں ایبٹ آباد کی ٹیم بھی نہ سنبھل سکی اور پہلے روز کا کھیل ختم ہونے پر40 اوورز میں8 وکٹ پر 126رنز بنا پائی،اس میں کپتان یاسر حمید کے49 رنز بھی شامل تھے، وقاص مقصود نے 34 رنز دے کر 5 بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی،ظہور خان نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں، اس طرح ایبٹ آباد کو حریف ٹیم کے خلاف 36 رنز کی برتری حاصل اور مزید 2 وکٹیں باقی ہیں۔



آزاد جموں و کشمیر کے میر پور اسٹیڈیم میں راولپنڈی کی ٹیم لاہور شالیمار کے بولرز کے سامنے نہ ٹہر سکی اور 55.3 اوورز میں157 پر ڈھیر ہوگئی،حسیب اعظم46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،اعزاز چیمہ نے48 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،ضیا الحق نے 3اورطویل القامت پیسر محمد عرفان نے2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی بلوز نے 83 اوورز میں 4 وکٹ پر289 رنز بنائے،محمدوقاص نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 150 رنز کی اننگز کھیلی، اس دوران انھوں نے 20مرتبہ گیند کو بائونڈری لائن کے پار پہنچایا،فخر زمان نے9چوکوں کی مدد سے 79رنز جوڑے جبکہ اکبر رحمان نے 35 رنز اسکور کیے،ذوالفقار بابر کو2وکٹوں کیلیے104 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی، پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم میں میزبان ٹیم نے سیالکوٹ کے خلاف 82.2 اوورز میں 245 رنز اسکور کیے اور7 کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔

محمد رضوان 64 رنز پر ناقابل شکست ہیں،ہارون احمد نے52اور اکبر بادشاہ نے32رنز کا اضافہ کیا،بلاول بھٹی نے 3 اور نیئر عباس نے 2 کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا، نیاز اسٹیڈیم میں بہاولپور کیخلاف میزبان حیدر آباد نے 82اوورز میں 3 وکٹ پر277 رنز بنا لیے،رضوان احمد نے6 چوکوں کی مد د سے ناقابل شکست 75 رنز اسکور کیے،عقیل انجم58 رنز کے ساتھ ان کے ہمراہ کریز پر موجود ہیں،نعمان علی نے56اوراعظم گھمن نے37 رنز بنائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں