حکومت نے پاناما کیس میں خاموش رہنے کیلیے 10 ارب کی آفرکی عمران خان کا دعویٰ

اگر یہ لوگ مجھے ایسی پیشکش کرسکتے ہیں تو باقی اداروں کو کتنے کی پیشکش کریں گے، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک April 25, 2017
اگر یہ لوگ مجھے ایسی پیشکش کرسکتے ہیں تو باقی اداروں کو کتنے کی پیشکش کریں گے، چیرمین تحریک انصاف، فوٹو؛ فائل

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے انہیں پاناما کیس میں خاموش رہنے کے لیے 10 ارب روپے کی پیشکش کی۔



پشاور کے شوکت خانم کینسر اسپتال میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آپ ان حکمرانوں کو کیسے شکست دے سکتے ہیں، ساراعملہ اور کنٹرول ان کا ہے، الیکشن کا رزلٹ جس کے پاس ہے وہ بھی ان کے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا ہمیں خطرہ یہ ہے کہ ادارے بھی ان کے نیچے ہیں جن اداروں نے پاناما کیس کی تحقیقات کرنا ہے وہ (ن) لیگ کے نیچے ہیں، یہ اس پریشر سے نہیں نکل سکتے، اگر ہم نے پریشر نہ رکھا اور چپ کرکے بیٹھ گئے تو ان کے پاس بہت وسائل ہیں۔



عمران خان نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے انہیں پاناما کیس میں خاموش رہنے کے لیے 10 ارب روپے کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ لوگ مجھے ایسی پیشکش کرسکتے ہیں تو باقی اداروں کو کتنے کی پیشکش کریں گے، اب صرف دو ماہ کی بات ہے جب تک ہم نے عوام کا دباؤ رکھنا ہے، جمعہ سے بھرپور شو کریں گے جس میں عوام کا تعاون ضروری ہے۔



اس سے قبل وزیراعلیٰ ہاؤس پشاورمیں پارٹی عہدیداوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے قطری خط پیش کیا گیا جو عدالت عظمیٰ نے مسترد کردیا، اب کیس ختم ہوچکا اور نوازشریف پاناماکیس میں بری طرح پھنس چکے ہیں، ان کے پاس گھرجانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ جمعے کے روز عوام کو وزیراعظم کے خلاف گھروں سے نکلنا ہوگا، اب گول ڈی تک پہنچ چکا ہے اور ایک کک لگانی باقی ہے، ہم عوام کی طاقت سے نوازشریف کو استعفیٰ دینے پر مجبور کردیں گے۔



علاوہ ازیں پشاور کے حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب ہمیں حکومت ملی تو صوبے میں افراتفری تھی، ادارے تباہی کی طرف جارہے تھے، کھیلوں کے میدان ویران ہوچکے تھے، امن و امان کی صورتحال انتہائی ناقص ہونے کی وجہ سے کوئی کام شروع کرنے سے پہلے 100 بار سوچنا پڑتا تھا لیکن نوجوانوں نے ہماری مدد کی، ہماری مسلسل جدوجہد کے بعد پورے ملک میں کرپشن کے خلاف تحریک چل چکی ہے اور آج ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں تبدیلی آچکی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پاناما تحریک کی کامیابی سے نئے پاکستان کو مستحکم بنیاد میسرآئی ہے



عمران خان کا کہنا تھا کہ کھیل مقابلے کا فن اور زندگی میں ہار جیت سکھاتا ہے، زندگی میں کوئی شارٹ کٹ نہیں، ہربڑی کامیابی کے لیے اتنی ہی محنت درکار ہوتی ہے، میں نے کرکٹ میں محنت کی اور پاکستان کو ورلڈ کپ کا تحفہ دیا شوکت خانم اسپتال بھی اسی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے یوتھ گیمز کا انعقاد ثابت کرتا ہے کہ ہمیں نوجوانوں سے کس قدر محبت ہے، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، ہم انہیں جرائم سے دور کرکے میدانوں میں لائیں گے اور میرٹ پر مستقبل دکھائی دے گا، صوبے میں متعدد گراؤنڈ تیار ہوچکے ہیں اور آئندہ سال 100 مزید میدان مکمل ہوجائیں گے، پھر صوبے کے کونے کونے میں کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں