بھارتی ریاست اترپردیش میں عیدمیلاد النبیﷺ سمیت جمعۃ الوداع کی سرکاری چھٹی ختم

تعلیمی اداروں میں قابل احترام شخصیات سےمنسوب ایام میں چھٹی کےبجائے انکی زندگی پرروشنی ڈالنی چاہیئے، وزیراعلیٰ اترپردیش


ویب ڈیسک April 26, 2017
تعلیمی اداروں میں قابل احترام شخصیات سےمنسوب ایام میں چھٹی کےبجائے انکی زندگی پرروشنی ڈالنی چاہیئے، وزیراعلیٰ اترپردیش،فوٹو:فائل

ISLAMABAD: بھارتی ریاست اترپردیش کی حکومت نے عیدمیلادالنبیﷺ سمیت ممتاز شخصیات کے یوم پیدائش اور یوم وفات پر دی جانے والی 15 سرکاری چھٹیوں کے خاتمے کا اعلان کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی ادتیا ناتھ نے اعلان کیا ہے کہ 15 ایسی سالانہ چھٹیوں کا خاتمہ کیا جارہا ہے جن کا تعلق براہ راست کسی نامور اور معزز شخصیت کے یوم پیدائش اور یوم وفات سے ہے جب کہ اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ عظیم شخصیات کے یوم پیدائش کے موقع پر ریاست کے تمام تعلیمی اداروں میں ان کی شخصیت، كارناموں اور تحریک دینے والی تعلیمات کو موجودہ نوجوان نسل تک پہنچانے کے مقصد سے کم از کم ایک گھنٹے کی نشست منعقد کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ ادتیا ناتھ کی جانب سے منسوخ کردہ تعطیلات میں جمعۃ الوداع، عید میلادالنبی اور مہارشی بالمیکی جینتی جیسی تعطیلات شامل ہیں جب کہ خواجہ معین الدین چشتی، چندر شیکھر، پرشورام، سردار ولبھ بھائی پٹیل اور چوہدری چرن سنگھ کی یوم پیدائش پر ہونے والی تعطیلات کو بھی ختم کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ اترپردیش کا تعطیلات کے حوالے سے کہنا تھا کہ معزز شخصیات کے یوم پیدائش کے موقع پر تعلیمی اداروں میں چھٹیاں نہیں ہونی چاہیئیں بلکہ اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز میں نوجوان نسل کو ایسے ایام کے موقع پرخصوصی طور پر معزز شخصیات کی زندگی کے حوالے سے 2 گھنٹے کی کلاس ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بھوجن سماج پارٹی اور سماج وادی پارٹی کی حکومتوں نے اپنا ووٹ بینک مضبوط کرنے کےلئے اس قسم کی چھٹیوں کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ ریاست اترپردیش میں سالہ 42 سرکاری چھٹیاں ہیں جن میں سے 17 وہ ہیں جو قابل احترام شخصیات کے یوم پیدائش یا یوم وفات پر دی جاتی ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں