لاہور:
لکشمی چوک کےقریب پلازہ میں لگنے والی آگ سے جاں بحق ہونے والے افراد کی میتیں پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئیں جبکہ واقعے کے نتیجے میں مالی نقصان کا تخمینہ دس کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
میو اسپتال انتظامیہ نے لکشمی چوک آتشزدگی میں جاں بحق افراد کی میتیں پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردی ہیں، جن کی تجہیز و تدفین ان کے آبائی علاقوں میں کی جارہی ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ تھی جبکہ زیادہ تر اموات دم گھٹنے کے باعث ہوئی ہیں۔آتشزدگی کے باعث پلازہ کی ایک منزل مکمل طور پر خاکستر ہوگئی جبکہ دوسری منزل پر واقع دفاتر اور رہائشی کمروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ آتشزدگی کے باعث ہونے والے مالی نقصان کے تخمینے کے لئے ریسکیو ون ون ٹو ٹو ،سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور پنجاب حکومت کی جانب سے تباہ شدہ عمارت کا جائزہ لیا گیا ہے جن کے مطابق اس ہولناک واقعے میں کم از کم 10 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کی صبح پلازہ میں لگنے والی آگ سے واپڈا کے ڈپٹی ڈائریکٹر عدنان میمن سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 7زخمی ہوگئے تھے۔ زخمیوں کو میو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔