آصف علی زرداری کے ساتھی غلام قادر مری اور ساتھی کے موبائل مل گئے

ایک فون گداگر، دوسرا سیکیورٹی گارڈ سے ملا، فون بند حالت میں پڑے ملے تھے، ایس ایس پی


Numainda Express April 27, 2017
7 زیرحراست افراد تفتیش کے بعد رہا،جامشورو پولیس نے ملنے والے فون تحویل میں لے لیے: فوٹو: فائل

سابق صدر آصف زرداری کے لاپتہ قریبی ساتھی غلام قادر مری اور ان کے ساتھ لاپتہ ہونیوالے شخص کے موبائل فون کا سراغ مل گیا۔

جامشورو پولیس نے 7 افراد کوتفتیش کے لیے حراست میں لیکر دونوں موبائل فون تحویل میں لے لیے۔ زیرحراست افراد میں نجی سیکیورٹی کمپنی کے سیکیورٹی گارڈ بھی شامل ہیں جو سوئی گیس کمپنی میں تعینات ہیں۔دوسری طرف ایس ایس پی جامشورو نے 2 موبائل فون تحویل میں لیے جانے اور کچھ افراد کی گرفتاری کی تصدیق کی لیکن انکا کہناہے کہ تفتیش کے بعد تمام افراد کو چھوڑ دیا گیاہے۔ تحویل میں لیا گیا ایک موبائل فون غلام قادر مری جبکہ دوسرا موبائل فون ان کے ساتھ لاپتہ ہونے والے جاوید راحموں کا بتایا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق موبائل فون ٹریس ہونے پر جامشورو پولیس کی بھاری نفری نے پہلے جامشورو سپرہائی وے سے منسلک لونی کوٹ کے قریب واقع گاؤں نبی بخش کھوسو میں چھاپہ مارکر دونوں پیروں سے معذور ایک گداگر رحم کھوسو کو حراست میں لیکر اس سے ایک موبائل فون تحویل میں لیا۔ اس کے بعد پولیس نے اسی علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے سوئی سدرن گیس کمپنی کے مین لائن کی حفاظت پر مامور نجی سیکیورٹی گارڈ کمپنی کے 4 گارڈ عبدالرحمان، ہزار خان، رمضان اور سلیم، یونین یونسل جامشورو کے کونسلر کے بھتیجے عزیرکے ساتھ ایک اور شخص کو تحویل میں لیا جس کا نام پتہ نہیں چل سکا۔

ذرائع کے مطابق دیگر چھ افراد میں سے بھی ایک کے پاس سے ایک موبائل فون پولیس نے تحویل میں لیا ہے۔ ایس ایس پی جامشورو تنویرعالم اوڈھو نے بتایاکہ جن لوگوں کے پاس سے موبائل فون ملے ہیں ان کا کہنا ہے کہ یہ انھیں جائے واردات کے تھوڑے فاصلے پرسڑک پر بند حالت میں پڑے ملے تھے جوانھوں نے اٹھالیے اور گھر لے آئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں