احسان اللہ احسان کا اعتراف پاکستان معاملہ عالمی سطح پر اٹھائے گا

پاکستان کے پاس کلبھوشن یادیو کے بعد احسان اللہ احسان کے اعترافی بیان کی روشنی میں مزید اہم ترین ثبوت آگئے ہیں۔

پاکستان کے پاس کلبھوشن یادیو کے بعد احسان اللہ احسان کے اعترافی بیان کی روشنی میں مزید اہم ترین ثبوت آگئے ہیں۔ فوٹو: اسکرین گریب

وفاق نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور جماعت الاحرار کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کے اعترافی بیان میں طالبان، بھارتی خفیہ ایجنسی ''را'' اور افغان خفیہ ایجنسی'' این ڈی ایس'' میں گٹھ جوڑ اور پاکستان دہشت گردی میں ملوث ہونے کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، افغانستان اور امریکا کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔


احسان اللہ احسان کے اعترافی بیان کے حوالے سے وزیراعظم کی منظوری سے اعلی ٰحکومتی حکام سفارتی سطح پر متعلقہ ممالک اور عالمی فورمز پر سفارتی رابطے کریں گے جبکہ اس اعترافی بیان اور ثبوتوں کی روشنی میں پاکستان امریکا اور افغانستان سے مطالبہ کرے گا کہ افغان سرزمین پر موجود تمام ایسے کالعدم تنظیموں اور گروپس کے خلاف مذید سخت آپریشن کیا جائے جو پاکستان میں دہشت گردی کرنے میں بلاواسطہ یا بلواسطہ ملوث ہیں۔ اگر افغان حکومت نے اس حوالے سے فوری اقدام نہ کیے تو پاکستان افغانستان سے اپنے تعلقات کی حالیہ پالیسی پرنظرثانی کرسکتا ہے۔

دوسری جانب وفاق کے اہم ترین ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کے پاس بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے بعد احسان اللہ احسان کے اعترافی بیان کی روشنی میں بھارت اور افغانستان کی خفیہ ایجنیسوں کے بارے میں مزید اہم ترین ثبوت آگئے ہیں جس سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ دونوں ممالک کی خفیہ ایجنسیاں افغانستان میں ایسے کئی کالعدم گروپس کی معاونت کررہی ہیں جوپاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں۔
Load Next Story