پاکستان اسپن کا جال مضبوط بنانے پر غور کرنے لگا

2 لیگ اسپنرزکی شمولیت کا فیصلہ پچ دیکھ کرہوگا، مصباح الحق

ویسٹ انڈیز میں پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیتنے کا خواب پورا کرنے سے قبل کسی سہل پسندی کا شکار نہیں ہوسکتے،آرتھر۔ فوٹو: فائل

MARDAN:
بارباڈوس ٹیسٹ میں پاکستان اسپن کا جال مضبوط بنانے پر غور کرنے لگا۔

جمیکا میں فتح پر خوشی سے سرشار پاکستانی ٹیم اب بارباڈوس میں بھی سرخروہوتے ہوئے ویسٹ انڈیز میں پہلی سیریز جیتنے کا خواب دیکھ رہی ہے، البتہ اتوار سے شروع ہونے والا دوسرا معرکہ سر کرنے کیلیے غلطیوں پر قابو پانے اور اچھی پلاننگ کی ضرورت ہوگی۔

پہلے ٹیسٹ میں اظہر علی اور احمد شہزاد کی اوپننگ جوڑی توقعات پر پورا نہیں اتر پائی،اسد شفیق بھی ثابت قدمی کا مظاہرہ نہیں کرپائے،کارکردگی میں بہتری کیلیے ہوم ورک کرنا پڑے گا، دوسری جانب کیریبیئنز کی دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے تباہی پھیلاتے ہوئے ٹیم مینجمنٹ کو دوسرے اسپنر شاداب خان کی خدمات سے بھی فائدہ اٹھانے کیلیے سوچنے پر مجبور کردیا ہے۔


دوسری جانب کپتان مصباح الحق نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم 2 لیگ اسپنرز کو شامل کرسکتے ہیں لیکن حتمی فیصلہ برج ٹائون کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ جمیکا میں پچ پر نمی کے پیش نظر ہم نے 3 پیسرز شامل کیے تھے، ہمارے ٹیم کمبی نیشن میں پانچویں بولر کیلیے جگہ نہیں بنتی، 6 اسپیشلسٹ بیٹسمین اور ایک وکٹ کیپر کی موجودگی میں3پیسرز اور2اسپنرز پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں بنائے جا سکتے جبکہ محدود اوورز کی کرکٹ میں عمدہ کارکردگی سے متاثر کرنے والے شاداب خان کے بارے میں کپتان نے کہا کہ لیگ اسپنر کو آزمانے کا فیصلہ دوسرے ٹیسٹ کے وینیوکی کنڈیشنز اور میچ سے قبل پچ کی صورتحال دیکھ کر کیا جائے گا۔

دریں اثنا ایک انٹرویو میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہاکہ جمیکا ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بولنگ سے فتح کا مشن مکمل کرنے تک تمام فیصلے درست ثابت ہوئے، بارش کی وجہ سے وقت ضائع ہونے کے باوجود پلیئرز نے ٹیم پلان پر عمل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی،انھوں نے کہا کہ ٹیم کو نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی مشکل ترین کنڈیشنز میں شکستیں ہوئیں لیکن کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع بھی ملا،فٹنس اور فیلڈنگ میں بہتری لانے کی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔

آرتھر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ میں ایک سخت گیر کوچ ہوں لیکن مقصد صرف کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوتا ہے،جمیکا میں فتح کے بعد کسی سہل پسندی کا شکار نہیں ہو سکتے، بحیثیت ٹیم بہتر کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے کیریبیئن جزائر میں پہلی سیریز جیتنے کے سنہری موقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا، انھوں نے کہا کہ بارباڈوس میں دوسرے ٹیسٹ سے قبل اوپننگ سمیت سامنے آنے والے مسائل پر قابو پانے کیلیے کام کرینگے، ٹیم کمبی نیشن سے چھیڑ چھاڑ کا فیصلہ کرتے ہوئے موسم اور پچ دونوں کے حالات دیکھنے ہونگے۔
Load Next Story