وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ عہدے سے مستعفی

ڈی جی اسپورٹس بورڈ کو معطل کرنے پر ریاض پیرزادہ بہت ناراض تھے

ریاض پیرزادہ نے گزشتہ روز عہدے سے مستعفی ہونے کی دھمکی دی تھی۔ فوٹو: فائل

ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ کو عہدے سے ہٹائے جانے پر وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ کو عہدے سے ہٹانے کے معاملے پر وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ نے استعفیٰ دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خاندانی آدمی ہوں توہین برداشت نہیں کر سکتا، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کے ہاتھوں اتنی بےعزتی کروا چکا ہوں کہ اب واپسی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ تھوکا ہوا کبھی نہیں چاٹا اور اب اسمبلی میں اظہار خیال کروں گا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم سیکرٹریٹ نے ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا کو کرپشن کے الزامات پر عہدے سے معطل کر دیا تھا جس کے بعد سے ریاض پیرزادہ بہت ناراض تھے اور انہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کے لئے وقت بھی مانگا تھا لیکن جب کوئی شنوائی نہیں ہوئی تو گزشتہ روز ریاض پیرزادہ نے مستعفی ہونے کی دھمکی دی تھی۔
Load Next Story