بھارتی اداکارہ پریتی جین کو اقدام قتل کیس میں 3 سال کی سزا

ہدایت کار فلموں میں کام دینے کے بہانے زیادتی کا نشانہ بناتا رہا جس پر بدلہ لینے کا فیصلہ کیا تھا، اداکارہ کا بیان


ویب ڈیسک April 28, 2017
ہدایت کار فلموں میں کام دینے کے بہانے زیادتی کا نشانہ بناتا رہا جس پر بدلہ لینے کا فیصلہ کیا تھا، اداکارہ کا بیان، فوٹو؛ فائل

عدالت نے بھارتی اداکارہ و ماڈل گرل پریتی جین کو ہدایتکار مدھور بھنڈارکر کے قتل کی سازش کا الزام ثابت ہونے پر 3 سال قید کی سزا سنادی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ پریتی جین نے 2004 میں ہدایتکارمدھور بھنڈارکر پرجنسی زیادتی کا الزام لگایا تھا تاہم ماڈل گرل کی داد رسی نہ ہونے پر انہوں نے 2005 میں ہدایتکار کو قتل کرنے کی سازش کی تھی جس کے لیے اداکارہ نے کرائے کے قاتلوں کو 75 ہزار روپے بھی دیئے تھے لیکن پولیس کو اطلاع ہونے پر ہدایتکار کے قتل کی سازش بے نقاب ہوگئی تھی جس پر پولیس نے اداکارہ سمیت 2 ٹارگٹ کلرز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا تھا کہ ہدایتکار نے فلم میں کام دینے کے بدلے 1999 سے 2004 تک 16 بار جنسی تسکین حاصل کی لیکن وعدے کے باوجود فلم میں کردار نہیں دیا جس پر اشتعال میں آکر ہدایتکار سے بدلہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

ممبئی کی سیشن کورٹ نے اداکارہ پریتی جین کو ہدایتکار مدھور بھنڈارکر کے قتل کی سازش کا الزام ثابت ہونے پر اقدام قتل کیس میں 3 سال قید اور 10 ہزار جرمانے کی سزا سنائی ہے تاہم اداکارہ کی درخواست پر عدالت نے انہیں 4 ہفتوں کے لیے ضمانت پر رہا کردیا ہے۔

واضح رہے کہ اداکارہ پریتی جین نے فلم''کاک ٹیل'' اور ''درد ڈسکو'' میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں