عمرانی ٹولہ چند روزہ اقتدار کے لئے باؤلا ہوچکا ہے خواجہ سعد رفیق

ایک جواری، نشے باز، بدکار اور بہروپیا سب کچھ بن سکتا ہے لیکن کبھی لیڈر نہیں بن سکتا، وزیرریلوے

1970 میں ذوالفقارعلی بھٹو نے اور2013 میں عمران خان نے تبدیلی کے نام پر لوگوں کو بے وقوف بنایا، وزیرریلوے. فوٹو: فائل

وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ذلت اور رونا دھونا تحریک انصاف کا مقدر ہے جب کہ عمرانی ٹولہ چند روزہ اقتدار کے لئے باؤلا ہوچکا ہے۔


چیرمین تحریک انصاف عمران خان کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ 1970 میں ذوالفقار علی بھٹو نے اور 2013 میں عمران خان نے تبدیلی کے نام پر لوگوں کو بے وقوف بنایا، اگر عمران خان نے 10 ارب کی پیشکش کا ثبوت نہ دیا تو جھوٹے کو قانون اور عوام کی عدالت میں گھسیٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے تیار ہوجائیں کیوں کہ 3 مئی سے ان کی عدالتی تلاشی شروع ہورہی ہے، دوسروں کے لئے گڑھے کھودنے والا عمران خان اپنے کھودے گئے گڑھے میں گرنے والا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایک جواری، نشے باز، بدکار اور بہروپیا سب کچھ بن سکتا ہے لیکن کبھی لیڈر نہیں بن سکتا، مجھے بے شرم کہتے ہوئے شرم آتی ہے مگر عمران خان کے لیے اس کا متبادل کوئی نہیں، دوسروں کے استعفے مانگنے والا عمران جلد سیاست سے تائب ہوکر بھاگ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حمایت کرنےکے دعویدار عمران خان نے کشمیر کاز کے لئے منعقدہ پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کیا جب کہ پاکستان کے مستند کرپٹ ہر جلسے میں عمران خان کے گرد جمع ہوتے ہیں۔
Load Next Story