برآمدی یوریا کھاد کی قیمت میں 1000 روپے کمی کی منظوری

ای سی سی نے اسلام آباد برہان ٹرانسمیشن لائن ری انفورسمنٹ منصوبے کے لیے جائیکا کو ٹیکس چھوٹ کی بھی منطوری دیدی۔


Numainda Express April 29, 2017
35 کروڑ ڈالر عالمی قرضے کیلیے حکومتی گارنٹی دینے کی بھی منظوری۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فصل خریف 2017 کیلیے برآمدی یوریا کھاد کی 50 کلو گرام بوری کی قیمت میں 1000 روپے کمی کی منظوری دیدی۔

گزشتہ روز اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحق ڈارکی صدارت میں ہوا۔ کمیٹی نے اقتصادی امور ڈویژن کی سفارش پر اسلام آباد برہان ٹرانسمیشن لائن ری انفورسمنٹ منصوبے کیلیے حکومت جاپان کی جانب سے جائیکا کیلیے 2.665 ارب روپے کے آسان شرائط پر قرضے پر ٹیکس اور لیویز کی چھوٹ دینے کی منظوری دیدی۔

اس مسودے کا اہم بنیادی مقصد وفاقی دارالحکومت اور نواحی علاقوں کیلیے بجلی کی فراہمی کیلیے ضروری ٹرانسمیشن لائنوں کی ری انفورسمنٹ کے ذریعے بجلی کی ترسیل کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلیے قومی گرڈ کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔ اس منصوبے سے پاکستان کا معاشی انفرااسٹرکچر بہتر ہو گا جس کے بعد کمیٹی نے وزارت پانی و بجلی کی جانب سے تجویز کردہ اسٹینڈرڈ پاور پرچیز ایگریمنٹ کے مسودے کی بھی منظوری دیدی۔ یہ مسودہ سابق واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی جانب سے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی لمیٹڈ، نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ اور پاور پرڈیوسرز کے درمیان ہے۔

علاوہ ازیں کمیٹی نے داسو پن بجلی منصوبے کیلیے وزارت پانی و بجلی کی تجویز پر 350 ملین ڈالر قرضے کا 40 فیصد 140 ملین ڈالر قرضہ کی دوبارہ ادائیگی کیلیے جی او پی گارنٹی کی منظوری دی جبکہ ورلڈ بینک باقی 210 ملین ڈالر قرضے کی گارنٹی دے گا۔ کمیٹی نے وزارت صنعت و پیداوار کی عوام کے مفاد میں فصل خریف 2017کیلیے برآمدی یوریا کھاد کی 50 کلو گرام بوری کی قیمت میں 1000 روپے کمی کی منظوری بھی دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔