انٹر امتحانات کا آغاز امتحان سے کچھ دیر قبل پرچے سوشل میڈیا پر وائر ہو گئے

انٹر بورڈ کے تحت امتحانی پرچوں کی ترسیل اورامتحانی مراکز میں اس کی فراہمی کے نظام پر سوالیہ نشان لگ گیا


Staff Reporter April 29, 2017
شہر کے مضافاتی علاقوں اور گوٹھوں میں قائم امتحانی مراکز کا اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی ٹیموں نے دورہ ہی نہیں کیا۔ فوٹو: فائل

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت مستقل ناظم امتحانات کے بغیر انٹرکے پہلے مرحلے کے امتحانات کا آغاز ہوگیا۔

گزشتہ روز صبح کے وقت سائنس جبکہ دوپہر میں کامرس کے امتحانات کے موقع پر پرچوں کے آغاز سے کچھ دیر قبل امتحانی پرچے باہر آگئے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے جس کے سبب امتحانی مراکزکے اندراور باہر موجود امیدواروں میں افراتفری پھیل گئی اورطلبہ وطالبات اپنے رول نمبر کے مطابق کمرہ امتحان تلاش کرنے کے بجائے واٹس ایپ پرامتحانی پرچے میں موجود سوالات دیکھتے رہے۔ کچھ دیرقبل پرچہ سوشل میڈیا پروائرل ہونے سے بورڈکے تحت امتحانی پرچوں کی ترسیل اورامتحانی مراکز میں فراہمی کے نظام پر سوالیہ نشان لگ گیا، بیشترامتحانی مراکز سے نقل کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

دوسری جانب انٹر بورڈ کراچی میں ناظم امتحانات کی اسامی خالی ہے، مستقل ناظم امتحانات کو ہٹاکر قائم مقام ناظم امتحانات تعینات کیا گیا ہے، ادھرچیئرمین انٹربورڈ پروفیسرانعام احمد کاکہناہے کہ امتحان کے آغاز سے کچھ دیرقبل پرچہ باہرآنے کایہ مطلب ہرگزنہیں ہے کہ امتحانی پرچہ آؤٹ ہوگیا، اگر15منٹ قبل پرچہ باہرآتاہے تواسے پرچہ آؤٹ ہونے سے تعبیرنہیں کیاجاسکتا۔

بورڈ انتظامیہ کے دعوؤں کے برعکس امتحانی مراکزپرشدیدگرمی کے باوجودطلبہ و طالبات کے لیے ٹھنڈے پانی کے انتظامات دیکھنے میں نہیں آئے،کالج انتظامیہ بورڈ کی ہدایت کے باوجود امیدواروں کوٹھنڈا پانی فراہم نہیں کرسکی۔

واضح رہے کہ بیشترامتحانی مراکزپر شدیدگرمی کے باوجود معمول کی لوڈ شیڈنگ بھی جاری رہی،ادھر بورڈ کے دفترمیں جمعرات کی رات گئے تک درجنوں امیدواراپنے ایڈمٹ کارڈکے حصول کے لیے موجودتھے جبکہ بعض امیدوار ایڈمٹ کارڈ کے حصول کے لیے پرچے دینے سے قبل پہلے بورڈپہنچے۔

علاوہ ازیں بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہاگیاہے کہ چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈاور قائم مقام ناظم امتحانات محمد جعفرنے صبح کے اوقات میں گورنمنٹ دہلی کالج اور گورنمنٹ سراج الدولہ کالج جبکہ دوپہر میں گورنمنٹ اسلامیہ کالج برائے خواتین کا دورہ کیا۔

مزید براں ڈائریکٹرجنرل کالجز سندھ پروفیسر ڈاکٹر ناصر انصار ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزسندھ نے ڈی جے سندھ گورنمنٹ سائنس کالج اور گورنمنٹ سٹی کالج میں قائم امتحانی مراکز کادورہ کیا، اتنے دوروں کے باوجود بورڈ کی ٹیمیں نقل کے محض 4 کیس پکڑسکیں، شہر کے مضافاتی علاقوں اور گوٹھوں میں قائم امتحانی مراکز میں بورڈ ٹیموں نے دورہ ہی نہیں کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں