کراچی میں گرمی کی لہر آئندہ تین روز تک برقرار رہے گی محکمہ موسمیات

شہر میں گرمی کی لہر میں منگل سے کمی کا امکان ہے، ترجمان محکمہ موسمیات

شہر میں گرمی کی لہر میں منگل سے کمی کا امکان ہے، ترجمان محکمہ موسمیات، فوتو؛ فائل

شہر قائد میں ایک بار پھر سورج نے اپنے تیور دکھانا شروع کر دیئے ہیں اور آج شہر کا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جب کہ محکمہ موسمیات نے مزید تین روز تک شدید گرمی کی پیشگوئی کی ہے۔

ملک کے میدانی علاقے اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور شہر قائد میں بھی گرم ہواؤں نے اپنا ڈیرہ ڈال لیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو شہر کا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا جب کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم گرم اورخشک رہنے کا امکان ہے۔


محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں گرمی كی یہ لہر آئندہ 2 سے 3 دن جاری رہنے كا امكان ہے جب کہ اتوار كو درجہ حرارت 39 تا 41 ڈگری سینٹی گریڈ اور موسم گرم وخشك رہے گا۔ ترجمان محكمہ موسمیات شاہد عباس کا کہنا ہےکہ کراچی میں سمندری ہوائیں منقطع ہونے اور شمال مغرب سے میدانی ہوائیں چلنے سے گرمی كی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے تاہم گرمی کی لہر میں منگل سے کمی کا امکان ہے۔

شہر میں گرمی کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے شہریوں کو آئندہ دو تین روز سے گھروں سے بلاوجہ باہر نکلنے سے منع کیا ہے جب کہ طبی ماہرین نے شہریوں کو پانی کا کثرت سے استعمال کرنے کی نصیحت کی ہے۔
Load Next Story