بھتہ خوروں سے نجات دلائی جائے ورنہ سرپرستوں کے نام بتا دونگا الطاف حسین

منظم سازش کے تحت جرائم پیشہ عناصرکوکھلی چھوٹ دی جارہی ہے،صدر


Express Desk July 31, 2012
منظم سازش کے تحت جرائم پیشہ عناصرکوکھلی چھوٹ دی جارہی ہے،صدر، وزیراعظم ودیگرکوبارباردہشت گردوں کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا . فوٹو ایکسپریس

GENEVA: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لندن اور پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کراچی کے تاجروں اورعوام کو بھتہ خوروں،اغوا برائے تاوان کی وارداتیں کرنے والے جرائم پیشہ عناصر سے نجات دلائے بصورت دیگر میں پرچی مافیا ، بھتہ مافیا اور اغوابرائے تاوان میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرنے والے بااثر ادارے اورشخصیات کے ناموں سے قوم کوآگا ہ کردوں گا۔الطاف حسین نے مزیدکہاکہ کراچی کے باشعورعوام ہیں۔

تاجر برادری اور میڈیا اس حقیقت سے اچھی طر ح واقف ہیں کہ شہر میں بھتہ مافیا اور تاوان کیلیے تاجروں کو اغوا کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کو کس بااثر ادارے اورشخصیات کی سرپر ستی حاصل ہے،ایک منظم سازش کے تحت کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ دی جارہی ہے اور کراچی کے پرامن عوام کو گینگ وار کے دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاگیا ہے

جو بھتہ کیلیے تاجروں اور ان کے اہل خانہ کو نہ صرف اغواکررہے ہیں بلکہ بھتہ نہ دینے پر تاجروں کے گھروں کو دستی بموں سے نشانہ بھی بنارہے ہیں ۔ الطاف حسین نے کہا کہ حکومت بھی کراچی کے تاجروں اور شہریوں کی جان ومال سے کھیلنے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں بری طرح ناکام ثابت ہوچکی ہے یہی وجہ ہے کہ آج تک گینگ وار کے دہشت گردوں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی اور نہ ہی شہریوں کی جان ومال سے کھیلنے والے دہشت گردکو گر فتار کیا گیا ہے ۔

انھوں نے مزید کہا کہ میں نے صدر زرداری ،وزیر اعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کو بار بار بھتہ مافیا اور اغو ا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث دہشت گر دوں کی مجرمانہ سر گرمیوں سے آگاہ کیا لیکن افسوس اعلیٰ حکومتی شخصیات نے نہ تو میری شکایت پر کوئی توجہ دی اورنہ ہی کراچی کے پرامن شہریوں کو گینگ وار کے دہشت گردوں کے مظالم سے نجات دلانے کیلیے عملی اقدامات کیے ۔

الطاف حسین نے ارباب اختیار اور ارباب ا قتدارکو متنبہ کیا کہ اگر با اثر ادارے اورشخصیات کی جانب سے بھتہ مافیا،پرچی مافیا اور اغوا برائے تاوان میں ملوث عناصر کی سرپرستی بند نہ کی گئی تو میں جلدہی اس بااثر ادارے اور شخصیات کے ناموں سے قوم کو آگاہ کر کے کراچی کا امن و سکون غارت کرنے کی سازش کو بے نقاب کردوں گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں