’’باہو بلی 2‘‘ نے نمائش کے پہلے ہی روز تاریخ بدل دی

فلم نے نمائش کے پہلے ہی روز بھارت میں 145 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں

فلم نے نمائش کے پہلے ہی روز بھارت میں 145 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں، فوٹو؛ فائل

ہدایتکار ایس ایس راج مولی کی فلم ''باہو بلی 2'' نے نمائش کے پہلےروز ہی بھارت میں 145 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے بھارتی سنیما کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔

بھارتی فلم ''باہو بلی 2'' کا شدت سے انتظار کیا جارہا تھا اور فلم کی ٹکٹوں کے حصول کے لیے مداح 2 روز قبل صبح 6 بجے سے لائنوں میں کھڑے انتظار کررہے تھے اور اب فلم نے نمائش کے پہلے مداحوں کے دل میں گھر کرلیا اور کمائی کے بڑے بڑے ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔

فلم ''باہو بلی 2'' کو بھارت سمیت دنیا بھر میں تامل، تیلگو، ملیالم اور ہندی زبانوں میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے اور فلم نے پہلے روز ہی بھارت میں 145 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے بھارتی سنیما کی تاریخ میں منفرد ریکارڈ بنا لیا ہے۔



فلم نے بھارتی ریاستوں آندھرا پردیش اور تیلگانہ میں 58 کروڑ، ہندی ورژن نے 50 کروڑ، کرناٹک میں 19 کروڑ 50 لاکھ ، تامل ناڈو میں 11 کروڑ اور کیرالہ میں 7 کروڑ کی کمائی کرکے بھارت میں پہلے روز 145 کروڑ سے زائد کی کمائی کی ہے جب کہ فلم نے دنیا بھر سے 65 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے مجموعی طور پر210 کروڑ سے زائد کی کمائی کرلی ہے۔




فلم ''باہو بلی 2'' 250 کروڑ کے بھاری بجٹ سے بنی ہے لیکن فلم نمائش سے قبل ہی ڈسٹری بیوشن اور سیٹلائٹ رائٹس کی مد میں 500 کروڑ کی کمائی کرچکی ہے جب کہ فلم کے ہندی ورژن کے ڈسٹری بیوشن رائٹس 120 کروڑ، تیلگو زبان کے 130 کروڑ، تامل ناڈو میں 47 کروڑ، کیرالہ میں 10 کروڑ اور کرناٹک میں 45 کروڑ میں فروخت کیے گئے ہیں جو کہ مجموعی طور پر 352 کروڑ کی رقم بنتی ہے۔



فلم کے ہندی ورژن کے سیٹلائٹ رائٹس سونی ٹی وی نے 51 کروڑ میں خریدے ہیں جب کہ فلم کے تیلگو ورژن کے سیٹلائٹ حقوق 26 کروڑ میں فروخت کیے گئے ہیں۔ فلمی پنڈتوں نے فلم ''باہو بلی 2'' کو ہندی سنیما کی تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم قرار دیا ہے اور فلم کے ایک ہزار کروڑ سے زائد کی کمائی کی پیش گوئی کی ہے۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ کی پہلے روز سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم شاہ رخ خان کی ''ہیپی نیو ایئر'' تھی جس نے 44 کروڑ 97 لاکھ کا بزنس کیا تھا لیکن فلم ''باہو بلی 2'' کے ہندی ورژن نے پہلے روز 50 کروڑ کی کمائی کرکے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

 
Load Next Story