فیس بک دوستی کا خطرناک انجام 21 سالہ لڑکی قتل

اسلام آباد کی فرحین صدر کے ہوٹل سے مردہ حالت میں ملی، شہیر سے کراچی میں شادی کی۔


Staff Reporter April 30, 2017
لڑکا غائب ہے جسے پولیس تلاش کررہی ہے، تفتیش کررہے ہیں کہ واقعہ قتل ہے یا خودکشی، پولیس۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: صدر میں واقع رہائشی ہوٹل کے کمرے سے21 سالہ لڑکی کی لاش ملی ، متوفیہ اسلام آباد کی رہائشی تھی جس نے گھر سے فرار ہو کر فیس بک پر دوست بننے والے لڑکے سے کراچی آکر مارچ میں شادی کر لی تھی تاہم پولیس تحقیقات کررہی ہے کہ واقعہ خودکشی ہے یا قتل۔

پریڈی تھانے کی حدود صدر راجا غضنفر علی خان روڈ پر واقع المصطفیٰ ہوٹل کی چھٹی منزل پر واقع کمرہ نمبر601 سے21 سالہ لڑکی کی لاش ملی، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پولیس کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچایا۔

دوسری جانب ایس ایچ او پریڈی اورنگ زیب خٹک نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہلاک ہونے والی لڑکی کی شناخت اس کے شناختی کارڈ سے فرحین دخترمحمد منیرخان کے نام سے کر لی گئی ، وہ پلندری کی رہائشی اور تعلیم یافتہ ہے۔ انھوں نے بتایا کہ فرحین کی گلشن اقبال بلاک 4بنگلہ نمبر E/3کے رہائشی شہیر ولد فیصل رضوان سے فیس بک پر دوستی ہوئی جو محبت میں بدل گئی۔ لڑکی شہیر ولد فیصل رضوان کے محبت میں اسلام آباد سے بھاگ کر کراچی آگئی اور دونوں نے28 فروری کو کراچی میں نکاح کر لیا جبکہ27 اپریل کو المصطفیٰ ہوٹل میں فرحین کے نام سے کمرہ بک کرایا گیا جہاں دونوں رہائش پزیر تھے۔

گزشتہ روز شہیر اور فرحین کے مشترکہ دوست سعد بن علی نے ہوٹل فون کر کے شہیر اور فرحین کے بارے میں معلومات حاصل کرنی چاہیں تو ہوٹل انتظامیہ نے کہا کہ انھیں نہیں پتہ کہ وہ لوگ کہاں ہیں ، سعد نے دن میں دو سے تین مرتبہ فون کر کے فرحین اور شہیر کے بارے میں اپنی تشویش ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ ان دونوں کو موبائل فون بھی بند آرہا ہے آپ کمرہ چیک کرائیں۔ آخر کار رات ساڑھے8 بجے انتظامیہ نے روم بوائے کو بلا کر کمرہ چیک کرنے بھیجا، روم بوائے نے پہلے کمرے پر دستک دی کافی دیر تک دروازہ اندر سے نہ کھولے جانے پر جب اس نے ہینڈل گھمایا تو دروازہ اندر سے کھل گیا اور کمرے کے فرش پر فرحین کی لاش پڑی تھی جبکہ اس کا دوپٹہ پنکھے پر لٹکا ہوا تھا جس پر روم بوائے چیخ مارتا ہوا وہاں سے بھاگا اور انتظامیہ کو آگاہ کیا جس پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔

عینی شاہد کے مطابق لڑکی کی لاش فرش پر پڑی تھی، ٹانگیں مڑی ہوئی تھیں گردن اور کلائی پر انگلیوں کا نشانات تھے ، شبہ ہے کہ شہیر نامی شخص لڑکی کو قتل کر کے فرار ہو گیا۔ علاوہ ازیں پولیس نے اسلام آباد پولیس کو لڑکی کے بارے میں بتایا دیا ہے جبکہ شہیر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ شہیر گلشن اقبال بلاک 4 مکان نمبر ای تھری کا رہائشی اور امریکی نیشنل ہے۔ موقع سے پولیس نے شہیر کا اے ٹی ایم کارڈ اور فرحین کا موبائل فون برآمد کرکے اپنی تحویل میں لے لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔