طاہرالقادری سیاسی محتسب کا کردار ادا کریں شجاعت

ڈاکٹر طاہر القادری میلہ لوٹ کر لے گئے، عمران خان اور ایم کیو ایم اب پچھتا رہے ہیں

سربراہ منہاج القرآن اور حکومتی ٹیم کے مذاکرات میں کوئی ضامن نہیں لیکن معاہدے پر عمل ہو گا۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ(ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری اسلام آباد سے میلہ لوٹ کر لے گئے ہیں۔

عمران خان اور ایم کیو ایم اب پچھتا رہے ہیں۔ ایک ٹی وی انٹرویو میںانھوں نے کہا کہ بلاشبہ طاہر القادری اسلام آباد سے کامیاب گئے ہیں۔ انھوں نے یہ کام باقاعدہ 7 سال کی منصوبہ بندی سے کیا ہے اور اس میں وہ کامیاب رہے ہیں۔ چوہدری شجاعت نے کہا کہ طاہرالقادری اور حکومتی ٹیم میں مذاکرات میں کوئی ضامن نہیں تاہم معاہدے پر عملدرآمد ہو گا۔ آرٹیکل 63،62 پر عمل ہونے سے صاف ستھرے لوگ آگے آئیں گے۔

لانگ مارچ انتہائی پر امن رہا۔ ایک لاکھ سے زائد افراد شریک تھے۔ شرکا کا جذبہ بہت بلند تھا۔ صدر آصف زرداری کو فون کرکے بتایا کہ اسلام آباد میں لانگ مارچ کے شرکا کیخلاف لال مسجد جیسا آپریشن ہونے والا ہے اس کو روکیں۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ آپریشن سے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ پولیس میں بھی آپریشن کے حوالے سے اختلاف تھا۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف سے کہا کہ مذاکرات کیلیے ساتھ4وزرأ کو بھی بھیجیں اور اس کے ساتھ اتحادیوں کو بھی ساتھ جانا چاہیئے۔




لانگ مارچ میں ڈاکٹر طاہر القادری کی مالی مدد تحریک منہاج القرآن کے ممبروں نے کی، یونین کونسل سے لے کر اوپر تک کسی سیاسی جماعت نے کام نہیں کیا۔ صرف عوامی تحریک نے کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ ایک آواز دینے سے یونین کونسل کے تمام لوگ اسلام آباد پہنچ گئے۔ طاہرالقادری نہیں بلکہ ہم سب مل کر نگران وزیراعظم کیلیے دو نام دیں گے۔ نہ ہی طاہرالقادری ویٹو پاور لے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم کیلیے ابھی کوئی بات نہیں ہوئی تاہم نگران وزیراعظم سیاستدانوں میں سے بھی ہوسکتا ہے۔ میڈیا سیاسی جماعت بن چکی ہے، میڈیا میں سے بھی نگراں وزیراعظم کو بنایا جاسکتا ہے۔

شجاعت نے کہا کہ مسلم لیگوں کو اکٹھا کرنے کا وقت گزر چکا ہے، اس کے ذمہ دار نواز شریف ہیں۔ عباس شریف کے انتقال پر تعزیت کیلیے رائیونڈ گئے تھے۔ انھوں نے کہا کہ طاہر القادری ضدی آدمی نہیں ہیں، وہ سیاست میں حصہ نہیں لے رہے، میری بھی یہ ذاتی رائے ہے کہ وہ سیاسی محتسب کا کردار ادا کریں، سیاست میں نہ آئیں، البتہ ان کی پارٹی سیاست میں حصہ لے۔ انھوں نے کہا کہ ن لیگ والے الیکشن سے پہلے ہی 2تہائی اکثریت کا دعوی لیے گھوم رہے ہیں الیکشن میں انہیں پتہ چل جائے گا خوش فہمی میں نہ رہیں۔
Load Next Story