بھارت کی سوئی 570 ملین ڈالر پر ہی اٹک گئی

400 ملین ڈالر کی پیشکش نا منظور، چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کا فیصلہ میٹنگ میں ہوگا۔


Sports Desk May 01, 2017
منظور کردہ نئے فنانشل ماڈل کے تحت بھارت کے حصے میں 293 ملین ڈالر آتے ہیں۔ فوٹو: فائل

LIMA: بھارت کی سوئی 570 ملین ڈالر پر ہی اٹک کر رہ گئی، 400 ملین ڈالر کی پیشکش کو انتہائی ناکافی قرار دے دیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ بگ تھری کی صورت میں ملنے والے مجوزہ 570 ملین ڈالر کے حصے سے ایک قدم بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، اس نے ایک بار پھر 400 ملین ڈالر تک کی آفر کو انتہائی ناکافی قرار دیتے ہوئے رد کردیا ہے۔


آئی سی سی کی جانب سے گذشتہ دنوں منظور کردہ نئے فنانشل ماڈل کے تحت بھارت کے حصے میں 293 ملین ڈالر آتے ہیں، اگرچہ بی سی سی آئی کے اصرار پر اس معاملے پر دوبارہ ووٹنگ ہوئی اور اسے منہ کی کھانا پڑی اس کے باوجود آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے اجلاس سے قبل بی سی سی آئی کو اضافہ 100 ملین ڈالر دینے کی جو پیشکش کی تھی وہ بعد میں بھی برقرار رکھی جس سے اس کا ریونیو 8 برس کے دورانیے میں 400 ملین کے قریب پہنچ سکتا ہے تاہم میٹنگ میںبی سی سی آئی کی نمائندگی کرنے والے قائم مقام سیکریٹری امیتابھ چودھری کہتے ہیں کہ اس وقت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا 70 فیصد ریونیو بھارتی مارکیٹ سے جاتا ہے، اس کے مقابلے میں 400 ملین ڈالر تو بہت زیادہ ہی کم ہیں جبکہ ہمیں جو 293 ملین ڈالر کا حصہ دینے کو کہا جارہا ہے یہ تو بہت ہی تھوڑا ہے، ہمارا مطالبہ ناجائز نہیں ہے، جتنی رقم کی ہمیں پیشکش کی گئی ہے اس سے کہیں زیادہ کا بھارت حقدار ہے۔


علاوہ ازیں امیتابھ چودھری نے دعویٰ کیا کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے شریک نہ ہونے سے سب سے زیادہ نقصان براڈ کاسٹر کا ہوگا کیونکہ ایونٹ میں دلچسپی ہی ختم ہوکر رہ جائے گی، تاہم انھوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ 7 مئی کو شیڈول خصوصی جنرل میٹنگ میں ہی کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں