شیخوپورہ میں اسلحے سے بھری گاڑی پکڑی گئی

ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے، موٹر وے پولیس


ویب ڈیسک May 01, 2017
اسلحہ اسلام آباد سے لاہور منتقل کیا جا رہا تھا جسے تخریب کاری کیلئے استعمال کیا جانا تھا۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

موٹر وے پولیس نے اسلام آباد سے بڑی تعداد میں اسلحہ لاہور اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اسلحے سے بھری گاڑی پکڑ لی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق موٹر وے پولیس کو اطلاع تھی کہ اسلام آباد سے ایک گاڑی میں اسلحہ اسمگل کیا جا رہا ہے جسے تخریب کاری کے لئے استعمال کیا جانا ہے جس کے لئے جگہ جگہ ناکے لگائے گئے تھے، موٹر وے پولیس نے شیخوپورہ انٹرچینج کے قریب ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو ڈرائیور نے گاڑی بھگا دی لیکن کوٹ پنڈ داد کے قریب گاڑی ایک بیرئیر سے ٹکرا کر الٹ گئی اور ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔

موٹر وے پولیس نے گاڑی تحویل میں لی تو اس میں سیمنٹ کی بوریوں کے نیچے بڑی تعداد میں اسلحہ موجود تھا جس میں کلاشنکوف، رائفل، پستول اور ہزاروں کی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئیں۔ موٹر وے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ملزم کی تلاش کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور پولیس کو بھی اطلاع کر دی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں