اب خود بنائیے اپنی پسند کے لذیز کھانے

اب خود بنائیے اپنی پسند کے لذیز کھانے۔


غزالہ عامر May 01, 2017
اب خود بنائیے اپنی پسند کے لذیز کھانے۔ فوٹو: فائل

بھنڈی مسالا

اجزا: بھنڈی: آدھا کلوگرام، پیا ( کتری ہوئی) : تین سے چار عدد ( درمیانے سائز کی)، ٹماٹر: تین سے چار عدد ( کاٹ لیں)، ہری مرچ: تین سے چار عدد ( چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں )، سفید زیرہ: ایک چائے کا چمچہ، اجوائن: ایک چائے کا چمچہ، نمک: حسب ذائقہ، پسی ہوئی سرخ مرچ: ایک چائے کا چمچہ، پسی ہوئی ہلدی: آدھا چائے کا چمچہ، پسا ہوا ثابت دھنیا: آدھا چائے کا چمچہ، پانی: آدھا کپ، کوکنگ آئل: آدھا کپ

بنانے کا طریقہ:

بھنڈیوں کو اچھی طرح دھو لیں۔ پھر سر اور دُم کاٹنے کے بعد بیچ میں سے نصف کرلیں۔ اب فرائی پان میں تھوڑا سا تیل ڈال کر گرم کریں۔ تیل کڑکڑانے لگے تو اس میں سفید زیرہ اور اجوائن ڈال کر بُھون لیں۔ اب فرائی پان میں بھنڈیاں ڈال دیں۔ آنچ درمیانی رکھیں۔ دس منٹ تک پکانے کے بعد بھنڈیاں اُتار کر علیٰحدہ ڈش میں رکھ دیں۔ پھر باقی تیل فرائی پان میں ڈال کر اس میں پیاز بھون لیں۔ پیاز کا رنگ سنہرا ہوجائے تو ٹماٹر شامل کردیں اور چمچے سے اچھی طرح چلائیں۔ اب نمک، سرخ مرچ، ہلدی اور دھنیا شامل کردیں اور چمچے سے چلاتے ہوئے اچھی طرح مکس کرلیں۔ دو منٹ کے بعد فرائی پان میں پانی ڈال دیں۔ فرائی پان کو ڈھک دیں اور درمیانی آنچ پر پکنے دیں۔ لگ بھگ پانچ منٹ کے بعد ، جب یہ آمیزہ اچھی طرح پک چکا ہو تو بھنڈیاں شامل کردیں۔ اوپر سے ہری مرچیں ڈال دیں اور چمچہ چلاتے رہیں۔ پانچ سے دس منٹ کے بعد آپ کی یہ مزیدار ڈش تیار ہوجائے گی۔ گرما گرم چپاتی اور رائتے کے ساتھ پیش کریں۔

میتھی کلیجی

اجزا: کلیجی: ایک پائو، ادرک کا پیسٹ: ایک چائے کا چمچہ، لہسن کا پیسٹ: ایک چائے کا چمچہ، تیل: آدھا کپ، پسا ہوا زیرہ:ایک چائے کا چمچہ، گرم مسالا: ایک چوتھائی چائے کا چمچہ، ہری مرچ: حسب ضرورت، پیاز: دو عدد ( کاٹ لیں )، نمک: آدھا چائے کا چمچہ، پسی ہوئی سرخ مرچ: ایک چائے کا چمچہ، ہرا دھنیا: حسب ضرورت، قصوری میتھی: دو کھانے کے چمچے، پسی ہوئی سیاہ مرچ: حسب ضرورت

بنانے کا طریقہ:

کلیجی میں نمک اور سیاہ مرچ ملا کر پندرہ منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ اب فرائی پان میں تیل ڈال کر گرم کریں اور اس میں پیاز تل لیں۔ پیاز سنہری ہوجائے تو اس میں گرم مسالے کے علاوہ دیگر تمام مسالے شامل کریں، تھوڑا سا پانی ڈالیں اور اچھی طرح فرائی کریں۔ مسالا اس وقت تک پکائیں کہ اچھی طرح گل جائے۔ درمیان پانی کے چھینٹے بھی دیتے رہیں۔ اب مسالے میں کلیجی شامل کریں اور چمچے سے چلاتے ہوئے اچھی طرح پکائیں۔ چند منٹ تک پکانے کے بعد چولھے سے اتار لیں۔ گرم مسالا اور قصوری میتھی ملادیں، اور ادرک کے باریک ٹکڑوں اور ہرے مسالے سے سجا کر پیش کریں۔

چکن رائتہ

اجزا: مرغ کا گوشت: سو گرام، پیاز: ایک عدد، دہی : آدھا کلو، سرخ مرچ ( کُٹی ہوئی): ایک چائے کا چمچہ، گرم مسالا: ایک چائے کا چمچہ، زیرہ ( بُھنا ہوا) : ایک چائے کا چمچہ، نمک: حسب ذائقہ، لہسن ( پسا ہوا): ایک چائے کا چمچہ، ادرک( باریک کٹی ہوئی): دو کھانے کے چمچے، ٹماٹر( باریک کٹے ہوئے): دوعدد، پودینے کے پتے ( باریک کٹے ہوئے: دو چائے کے چمچے، کھیرا ( باریک کٹا ہوا): ایک عدد

بنانے کا طریقہ:

گوشت میں لہسن اور نمک ڈال کر اُبال لیں۔ گوشت گل جائے تو ریشے الگ کرلیں۔ ایک برتن میں( مٹی کی چھوٹی ہانڈی ہو تو بہتر ہے) دہی پھینٹ کر سرخ مرچ اور ادرک ڈال کر یک جان کرلیں۔ اب اس میں گوشت کے ریشے، ٹماٹر، پودینہ، کھیرا، تھوڑا سا گرم مسالا اور زیرہ شامل کردیں دیں۔ آخر میں پیاز لال کرکے بگھار ڈال دیں۔ لذیذ چکن رائتہ تیار ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں