نواز حکومت مزدوروں کاحق کھا کر آف شور بناتی ہے بلاول بھٹو زرداری

موجودہ حکمران اورنج ٹرین تو بناتے ہیں مگر اسپتال نہیں بناتے، چیرمین پاکستان پیپلز پارٹی


ویب ڈیسک May 01, 2017
پیپلز پارٹی ہر قیمت پر مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کرے گی، بلاول بھٹو زرداری فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ موجودہ حکمران مزدور اور کسان دشمن ہیں جو مزدوروں کا حق کھا کر آف شور کمپنیاں بناتے ہیں۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں یوم مزدور کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مزدوروں کی فلاح پیپلز پارٹی کی ہمیشہ ترجیح رہی ہے، ذوالفقاربھٹو نے مزدوروں اور نوجوانوں کو متحد کیا، پیپلز پارٹی نے ملک میں پہلی مرتبہ مزدور دوست پالیسی دی، پیپلز پارٹی نے مزدوروں کے لیے ادارے بنائے، محنت کشوں کے لیے ای او بی آئی قائم کیا، پیپلز پارٹی ، ذوالفقاربھٹو اور بے نظیر بھٹو کو مزدوروں کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے گزشتہ دور حکومت میں سرکاری اداروں کے 12 فیصد حصص محنت کشوں کے نام کرنے کی حکمت عملی اپنائی گئی تھی لیکن موجودہ حکومت نے اسے بند کردیا ہے۔ سندھ حکومت مسائل کو حل کرنا چا ہتی ہے لیکن وفاقی حکومت ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے، موجودہ حکمران مزدور اور کسان دشمن ہیں، یہ حکومت مزدوروں کا حق کھا کر آف شور کمپنیاں بناتی ہے، یہ اورنج ٹرین بناتے ہیں مگر اسپتال نہیں بناتے لیکن پیپلز پارٹی ہر قیمت پر مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کرے گی۔

اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ محنت کشوں نے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، صنعتوں کا پہیہ محنت کش طبقے کے زور بازو سے ہی چلتا ہے، محنت کشوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلیےذوالفقار بھٹو نے قانون سازی کی بنیاد ڈالی، پیپلز پارٹی نےگزشتہ 5 سال میں سندھ اسمبلی سے محنت کشوں کے تحفظ کے لیے 13 قوانین منظورکرائے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں