پاکستان میں امن افغانستان کے امن سے مشروط ہے ایاز صادق

توقع رکھتا ہوں کہ افگانستان میں ہم نے جو بنیاد رکھی ہے اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، اسپیکر قومی اسمبلی


ویب ڈیسک May 01, 2017
ہم تلخیاں بڑھانے کے لیے نہیں نئے دروازے کھولنے گئے تھے، ایاز صادق۔ فوٹو: فائل

اسپیکر ایاز صادق کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں امن ہوگا کیونکہ ہم صرف ہمسائے اور بھائی نہیں بلکہ ایک دوسرے کے امن کے ضامن بھی ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق کا وطن واپسی پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے وفد کا افغان قیادت ، ارکان پارلیمنٹ اور عوام نے پرتپاک استقبال کیا، ہمیں انہوں نے ہر ممکن سہولت فراہم کی، کابل میں ہمیں وہی عزت ملی جو کوئی اپنے بھائی کو دیتا ہے۔ پاکستانی وفد نے اپنے دورے کے دوران افغان صدر اشرف غنی، چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ، سابق صدر حامد کرزئی، ارکان پارلیمنٹ اور قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں کیں، افغان قیادت سے مذاکرات کے دوران پاکستانی وفد نے ایک آواز ہوکر بات کی،جس میں دونوں اطراف سے مختلف امور پرتحفظات کا اظہارکیا گیا تاہم دونوں طرف کی قیادت تعلقات بہتر کرنے کی خواہشمند ہے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں امن ہوگا کیونکہ ہم صرف ہمسائے اور بھائی نہیں بلکہ ایک دوسرے کے امن کے ضامن بھی ہیں۔ افغان قیادت نے پاکستان کی قربانیوں کو سراہا جب کہ افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ خواہش ہے مذاکرات کے سلسلے کو ایک بار پھر سے بحال کیا جائے اور منتخب ادارے مل کر ہمسایہ ملک سے تعلقات بہتر کرنے میں کردار ادا کریں گے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ہم ایک پاکستانی کی حیثیت سے حالات بہتر کرنے گئے تھے، ہم تلخیاں بڑھانے کے لیے نہیں گئے اور نہ ہی کوئی فہرست دینے گئے تھے، ہم نئے دروازے کھولنے گئے تھے تاہم فہرست دینے کی ذمہ داری جن کی ہے وہ دیں گے، ہم توقع رکھتے ہیں کہ ہم نے جو بنیاد رکھی ہے اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |