ٹرائنگولر ہاکی سیریز کل شروع ہوگی

قومی ٹیم کے وائٹس اور ڈیولپمنٹ اسکواڈ کے ساتھ 5 میچز شیڈول، افتتاحی مقابلہ لاہور میں ہوگا۔


Sports Reporter May 02, 2017
قومی ٹیم کے وائٹس اور ڈیولپمنٹ اسکواڈ کے ساتھ 5 میچز شیڈول، افتتاحی مقابلہ لاہور میں ہوگا۔ فوٹو: فائل

NAUSHEHRO FEROZE: رواں برس انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاریوں کے لیے شیڈول ٹرائنگولر سیریز بدھ سے شروع ہوگی جبکہ ابتدائی میچ پاکستان سینئرز اور پاکستان وائٹس کے درمیان جوہر ٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔

ملکی تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ 2014 سے محروم رہنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کو آئندہ برس بھارت میں شیڈول عالمی کپ تک رسائی حاصل کرنے کیلیے کوالیفائنگ راؤنڈ کا چیلنج درپیش ہے، ایونٹ 15سے25 جون تک لندن میں جاری رہے گا، پول بی میں شامل پاکستانی ٹیم افتتاحی میچ 15جون کو ہالینڈ کیخلاف کھیلے گی۔

میگا ایونٹ کی تیاریوں کیلیے منتخب کھلاڑی امجد علی، مظہرعباس، نواز اشفاق، محمد علیم بلال، ابوبکر محمود، محمد رضوان جونیئر، محمد عاطف مشتاق، محمد فیصل قادر، تعظیم الحسن، تصور عباس، عماد شکیل بٹ، محمد عمر بھٹہ، محمد عرفان جونیئر، محمد ارسلان قادر، علی شان، محمد دلبر، اعجاز احمد، عبدالحسیم خان، محمد اظفر یعقوب، عمیر سرفراز، مبشر علی اور قاضی اسفند یار نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں روزانہ کی بنیاد پر بھرپور ٹریننگ کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز بھی کھلاڑیوں نے صبح اور شام کے الگ سیشنز میں بھرپور مشقیں کیں، دوپہر کے اوقات میں ہیڈکوچ خواجہ محمد جنید نے کھلاڑیوں کو ایک گھنٹے کا خصوصی لیکچر دیا جس میں وڈیوز کے ذریعے پلیئرز کی خوبیوں اور خامیوں کی نشاندہی کی گئی، بعد ازاں شام کے سیشن میں پنالٹی کارنرز لگانے اور دفاعی شعبے میں بہتری لانے کی پریکٹس کی گئی۔

ٹرائنگولر سیریز کے لیے پاکستان وائٹس اور ڈیولمپنٹ اسکواڈ کا کیمپ بھی گزشتہ روز جوہر ٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں جاری رہا، کوچز کی طرف سے کھلاڑیوں کی فٹنس میں بہتری لانے کے ساتھ ون ٹچ ہاکی اور ڈیفنس کے شعبے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

سیریز کے لیے ٹریننگ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں حافظ عمیرعلی، عمر زمان، جواد احمد، منیب الرحمٰن، عثمان ملک، امیر حمزہ (گول کیپرز)، محمد عاصم جونٹی، محمد حسیب، عامر سلطان، شاہ فیصل شاہ، علی رضا، ارباب رفیق، غضنفر علی، سہیل منظور، تیمور ملک، اسد عزیز، فیضان، محمد عمران، محمد سلیم، عثمان اسلم، محمد افتخار، عابد بھٹی، نوہیز زاہد ملک، فیصل رشید، اویس الرحمٰن، شہریار عباسی، سمیع اللہ، ساران بن قمر، بلال محمود، رضوان علی، محسن صابر، خلیل احمد، مبشرخان، محمد اذان ریاض، خضر اختر، محمد صابر، قمر علی بخاری، اسد ارشد، وقاص، مہد علی، محمد عامر، شان ارشاد، محمد رضوان، ارحس بن قمر، شاہ جی احمد، وسیم اکرم، رانا سہیل ریاض، عمر حامدی، ذیشان بخاری، فیضان سمیع، بلال قادر، محمد عتیق، سہیل انجم، ایوب علی، محمد نوید، حسیب اسلم، محمد جواد، عبدالرزاق خان، حافظ سعید الحسن اور اویس شامل ہیں۔

دوسری جانب ٹرائنگولر سیریز کا باقاعدہ آغاز3 مئی سے ہوگا، ابتدائی میچ میں پاکستان سینئر ٹیم پاکستان وائٹس کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔ پاکستان سینئر ٹیم کی کپتانی کے فرائض حسیم خان انجام دیں گے جبکہ وائٹس کی قیادت کاشف شاہ کریں گے، قومی ہیڈ کوچ خواجہ محمد جنید کے مطابق لاہور میں قومی ٹیم کے5 میچز پاکستان وائٹس اور ڈیولمپنٹ اسکواڈز کے ساتھ ہوں گے، بعد ازاں سیریز میں شریک ٹیمیں قصور، اوکاڑہ، گوجرہ، راولپنڈی اور مردان میں بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

''ایکسپریس'' سے خصوصی بات چیت میں ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ کیمپ کے دوران ٹیم کو خصوصی مشقیں کروانے کے علاوہ پاکستان وائٹس کے ساتھ بھی ٹرائنگولر سیریز رکھی گئی ہے۔ یہ مقابلے لاہور، پنڈی، گوجرہ، قصور، اوکاڑہ اور مردان میں کھیلے جائیں گے۔

خواجہ جنید کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کیلیے تیاریاں درست سمت میں گامزن ہیں، ہمارا ہدف آئندہ برس بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ تک رسائی حاصل کرنا ہے، قوم کو مایوس نہیں کریں گے بلکہ اپنا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں