چین سے غیرقانونی طور پرآتش بازی کا سامان درآمد

ٹائلز و ٹشو پیپر ظاہر اور لاہورکے لیے منگوا کر پشاور کے گودام میں اتار دیا گیا

بانڈڈکیریئرکی نشاندہی پرپولیس نے پکڑلیا،کسٹمزنے کارروائی نہیں کی،ذرائع فوٹو: فائل

ٹرانزٹ کارگوکی ترسیل کرنے والے بانڈڈکیریئرزکی نشاندہی پرپولیس نے چین سے غیرقانی طورپردرآمدہونے والے آتش بازی کے سامان سے لدا کنٹینر پشاورکے گودام سے برآمدکرکے 7 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے لیکن پاکستان کسٹمز کے متعلقہ کلکٹریٹ کی جانب سے تاحال اس ضمن میں کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔


ذرائع نے بتایا کہ دعاانٹرپرائززکی جانب سے چین سے 1 کنسائمنٹ بک کرایا گیا جسے لاہورڈرائی پورٹ سے کلیئرکرانا تھا اور گڈزڈیکلریشن میں مذکورہ درآمدکنندہ نے اسے ٹائلز، ٹائلٹ ٹشواورریزروائر ظاہرکیا تھا لیکن کنٹینر میں اس کے برعکس ممنوع آتش بازی کا سامان موجودتھا تاہم کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل سے کنٹینر نمبر TCLU5288449 لاہور مغل پورہ ڈرائی پورٹ کے لیے جانے والا کنسائمنٹ میسرز فرینڈلاجسٹک پرائیویٹ کمپنی (بانڈڈکیریئر) کی محکمہ کسٹمز میں رجسٹرڈ گاڑی نمبرJP-6127 میں لوڈ کرکے لاہورکے لیے 21اپریل 2017 کو روانہ کیا گیا تھااور مذکورہ گاڑی کے ڈرائیورمحمدبلال اورجمال نے درآمدکنندہ دعا انٹرپرائزز کے مالک جمیل کے ساتھ مل کرمذکورہ کنسائمنٹ کو لاہورکی خشک گودی تک پہچانے کے بجائے پشاورکے نجی گودام میں خالی کیا۔

کنٹینر لاہورنہ پہنچنے پر بانڈڈ کیریئر فرینڈلاجسٹک پرائیویٹ کمپنی نیذاتی طورپر تحقیقات کی تو انکشاف ہواکہ میسرزدعاانٹرپرائززکی جانب سے درآمدکیا جانے والا کنسائمنٹ لاہورکے بجائے پشاورمیں اتارا گیا ہے جس پرمذکورہ بانڈڈ کیریئر نے پشاور پولیس کی مددسے غائب ہونے والے کنسائمنٹ کی تلاش شروع کی اور ملزمان گرفتار ہونے پر ان کی نشاندہی پر رنگ روڈ پر قائم گودام پرچھاپہ مارا تو مختلف سائز کے 1025 کارٹنز سے 37 ہزار 285 کلوگرام آتش بازی کا سامان نکلا جبکہ درآمدکنندہ نے گڈز ڈیکلریشن میں اسے ٹائلز، ٹائلٹ ٹشو اور ریزروائر ظاہر کیا تھا۔ ذرائع نے بتایاکہ پشاور پولیس نے7 ملزمان میں شامل محمد بلال، محمداختر، محمدیونس، محمدنعمان، قاری عبدالرزاق، اظفراورامیرخان کے خلاف ایف آئی آردرج کرکے محمد بلال، محمد اختر، محمد یونس، محمد نعمان، قاری عبدالرزاق کوگرفتارکرلیاہے جبکہ اصغر اور امیر محمد روپوش ہیں۔
Load Next Story