کسی بھی ادارے میں ایڈہاک ازم کی کوئی گنجائش نہیں چیف جسٹس پاکستان

جو کسی کے حکم کا محتاج ہو وہ آزادانہ کام کیسے کرے گا، جسٹس ثاقب نثار


ویب ڈیسک May 03, 2017
سرکاری اداروں کا نقد رقم نکلوانا سمجھ سے باہرہے، سپریم کورٹ: فوٹو: آن لائن

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ اداروں میں ایڈہاک ازم کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور جو کسی کے حکم کا محتاج ہو وہ آزادانہ کام کیسے کرے گا۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی زیرصدارت اسلام آباد کے اسپتالوں میں بے ضابطگیوں سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار ڈاکٹر طارق نے موقف اختیارکیا کہ پمز، پولی کلینک، نیرم اور ہوٹا جیسے ادارے سربراہان کے بغیر چلائے جا رہے ہیں، تمام اداروں میں عارضی طور پر سربراہان لگائے گئے ہیں، ذوالفقارعلی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے اکاوٴنٹس میں مالی بے ضابطگی کا انکشاف ہوا ہے اورایچ ای سی کی گرانٹ 3 سال سے رجسٹرار ڈاکٹرامجد کے ذاتی اکاوٴنٹ میں جاتی ہے اور اکاوٴنٹ سے رقم اے ٹی ایم اور کیش کی صورت میں نکالی جاتی ہے۔

عدالت نے رجسٹرار ڈاکٹر امجد کی بینک اسٹیٹمنٹ طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اداروں کے سربراہان کی تقرری کب ہوگی، سرکاری اداروں کا نقد رقم نکلوانا سمجھ سے باہرہے جب کہ اداروں میں ایڈہاک ازم کی کوئی گنجائش نہیں ہے اورجوکسی کے حکم کا محتاج ہو وہ آزادانہ کام کیسے کرے گا۔

عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کوآئندہ ہفتے تک جواب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے ہائیکورٹ کی جانب سے اکاوٴنٹ کی انکوائری پرحکم امتناعی کا ریکارڈ طلب کرلیا جب کہ کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں