پاکستانی اداکارہ مدیحہ امام بھی بالی ووڈ میں انٹری کے لیے تیار

فلم میں منیشا کے ساتھ کام کرنے پربہت زیادہ پر جوش ہوں، مدیحہ امام


نمرہ ملک May 03, 2017
فلم میں منیشا کے ساتھ کام کرنے پربہت زیادہ پر جوش ہوں، مدیحہ امام، فوٹو؛ فائل

PESHAWAR: پاکستانی اداکارہ مدیحہ امام بھی ہدایتکارہ سنینہ بھٹناگرکی فلم ''ڈیئر مایا'' سے بالی ووڈ میں انٹری دیں گی۔

ماہرہ خان، صباقمر اور دیگر اداکاراؤں کے بعد اب اداکارہ مدیحہ امام بھی بالی ووڈ میں فنی سفر کا آغاز کرنے کے لیے تیار ہیں اور وہ بھارتی ہدایتکار نسینہ بھٹناگر کی فلم ''ڈیئر مایا'' میں جلوہ گرہوں گی۔ فلم میں مدیحہ امام سمیت ماضی کی معروف اداکارہ منیشا کوائرالا اداکاری کرتی نظر آئیں گی جب کہ ہدایتکار سنینہ بھٹناگر کی بھی یہ پہلی فلم ہے جو ان کی ڈائریکشن میں بننے جارہی ہے۔



ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے اداکارہ مدیحہ امام نے کہا کہ جب فلم میں کام کرنے کی پیش کش کے لیے کال آئی تو مذاق سمجھا لیکن جب انہوں نے اسکائپ پربات کی تو یقین آیا جس پر خوشی سے پھولی نہیں سمائی، مجھے فلم کا اسکرپٹ بے حد پسند آیا تھا تاہم فلم میں کام کرنے کی حامی والدین کی اجازت سے مشروط کی تھی۔



مدیحہ امام نے کہا کہ فلم میں منیشا کے ساتھ کام کرنے پربہت زیادہ پر جوش ہوں، فلم میں میرا کردار16 سالہ لڑکی کا ہے جو بھارت کے علاقے شملہ سے تعلق رکھتی ہے، فلم کی کہانی بھی بہتر مستقبل کی تلاش کے لیے کی جانے والی کوششوں پر مبنی ہے جب کہ فلم کی شوٹنگ 2016 میں شیڈول تھی۔



مدیحہ امام کا کہنا تھا کہ موجودہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظرفلم کی تشہیر میں حصہ نہیں لے سکوں گی لیکن ہر شخص کے لیے اس کا وطن پہلے ہوتا ہے اور میرے لیے بھی پاکستان سب سے پہلے ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں