انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے پر لاکھوں افراد کو نوٹسز کا اجرا شروع

193کمپنیاں بھی ریٹرنز نان فائلرز، مہم کی نگرانی کیلیے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی سیل قائم۔


Khususi Reporter/Irshad Ansari January 22, 2013
تمام ٹیکس دفاتر کو ڈیٹا فراہم، کارروائی کی ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کا حکم، سینئر ممبر اسرار رئوف نے کراچی سے آرٹی اوز کے دورے شروع کردیے۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 24 لاکھ 99 ہزار 39 نان فائلرز کو نوٹسز کا اجرا شروع کرتے ہوئے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں چیف آپریشن فارینہ مظہر کی سربراہی میں خصوصی سیل قائم کر دیا ہے جبکہ ملک بھر کے آر ٹی اوز اور ایل ٹی یوز کو نان فائلرز سے ٹیکس وصولی اور ریٹرن وصولی کے حوالے سے ہفتہ وار بنیادوں پر ایف بی آرکو رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے ایف بی آر کے سینئر ممبر اسرار رئوف نے ''ایکسپریس'' سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ اور چیئرمین ایف بی آر علی ارشد حکیم کی خصوصی ہدایات کی روشنی میںملک بھر میں قائم 18 ریجنل ٹیکس آفسز کو نان فائلرزکے بارے میں مکمل ڈیٹا و دستاویزی معلومات پر مبنی ثبوتوں کی سی ڈیز بھجوادی گئی ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے انکشاف کیا کہ ملک کی 193 کمپنیاں بھی انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرارہی ہیں، ان نان فائلرز کو موقع دیا جائیگا کہ وہ انکم ٹیکس گوشوارے اور اپنے ذمے واجب الادا ٹیکس واجبات جمع کرائیں تاہم جوکمپلائنس نہیں کریں گے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور یہ کارروائی 120 دن میں مکمل کی جائے گی اور تمام آر ٹی اوز کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ نان فائلرز کی طرف سے جمع کرائے جانے والے انکم ٹیکس گوشواروں اورٹیکس واجبات کی ہفتہ وار بنیادوں پر ایف بی آر ہیڈکوارٹرز کو رپورٹ بھجوائیں، اس آپریشن کی مانیٹرنگ کیلیے ایف بی آر کی چیف آپریشن فاریبہ مظہر کی سربراہی میں ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میںخصوصی سیل بھی قائم کردیا گیا ہے۔



اسرار رئوف نے بتایا کہ وہ خود آر ٹی اوز میں جائیں گے اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے، پہلے مرحلے میں وہ کراچی پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آر ٹی او ون کراچی میں 3 لاکھ3 ہزار 63 نان فائلرز، آر ٹی او ٹو کراچی میں 42 ہزار 10 نان فائلرز،آر ٹی او تھری کراچی میں 2 لاکھ 93 ہزار 251 نان فائلرز،آر ٹی او اسلام آباد میں 1لاکھ 22 ہزار72 نان فائلرز، آر ٹی او راولپنڈی کی طرف سے 2 لاکھ 7 ہزار6نان فائلرز، آر ٹی او لاہور کی طرف سے2 لاکھ 69 ہزار549 نان فائلرز، آر ٹی او فیصل آباد کی طرف سے 1 لاکھ 86 ہزار 136 نان فائلرز، آر ٹی او ملتان کی طرف سے 1 لاکھ 68 ہزار 8 نان فائلرز ،آر ٹی او سیالکوٹ کی طرف سے 1 لاکھ 1 ہزار 938 نان فائلرز اور آر ٹی او پشاور کی طرف سے 1 لاکھ 93 ہزار598 نان فائلر کو نوٹس جاری کرنا شروع کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ لارج ٹیکس پیئر یونٹ (ایل ٹی یو) لاہور کی طرف سے 32 کمپنیوں کو، ایل ٹی یو کراچی کی طرف سے 103 کمپنیوں کو اور ایل ٹی یو اسلام آباد کی طرف سے 58 کمپنیوں کو نوٹس جاری کیے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں