زرعی شعبے کو پہلی ششماہی میں 1403 ارب کے قرضے فراہم

سالانہ ہدف کا 44.5، جولائی تا دسمبر2011 میں 125.2 ارب کے اجراسے 12 فیصدزائد۔


Business Reporter January 22, 2013
5 بڑے بینک 76 ارب، زیڈ ٹی بی ایل 19 ارب اور پنجاب کوآپریٹو نے 3.6 ارب کے قرضے دیے۔ فوٹو: رائٹرز/ فائل

رواں مالی سال کیلیے مقرر کردہ 315 ارب روپے کے زرعی قرضوں میں سے 44.5 فیصد قرضے پہلے 6 ماہ میں جاری کردیے گئے ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مالی سال 2013 کی پہلی ششماہی میں جاری کردہ زرعی قرضے 12 فیصد کے اضافے سے 140.32 ارب روپے تک پہنچ گئے ہیں، قطعی معنوں میں زرعی سیکٹر کو قرضے کے اجرا میں جولائی تا دسمبر 2012 کے دوران 15.11 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ مالی سال جولائی سے دسمبر 2011 کے دوران مجموعی طور پر 125.21 ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے تھے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 5بڑے کمرشل بینک جن میں الائیڈ بینک، حبیب بینک لمیٹڈ، ایم سی بی بینک لمیٹڈ، نیشنل بینک آف پاکستان اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ شامل ہیں کی جانب سے قرضے کا مجموعی اجرا جولائی تا دسمبر 2012 میں 76.04 ارب روپے تھا جبکہ جولائی تا دسمبر 2011 میں 70.56 ارب روپے جاری کیے گئے تھے، اس طرح ان بینکوں کی جانب سے زرعی قرضوں کی فراہمی میں 5.47 ارب روپے یا 7.76 فیصد اضافہ ہوا۔



سب سے بڑے تخصیصی بینک زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (زیڈٹی بی ایل) نے جولائی تا دسمبر 2012 کے دوران مجموعی طور پر 19.28 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں جاری کردہ 21.04 ارب روپے کے قرضوں کے مقابلے میں 8.39 فیصد کم ہے، پنجاب پراونشیل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ (پی پی سی بی ایل) نے جولائی تا دسمبر 2012 میں 3.59 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران جاری کردہ 3.87 ارب روپے کے قرضوں کے مقابلے میں 7.02 فیصد کم ہے۔

14 ملکی نجی بینکوں نے بھی مجموعی طور پر جولائی تا دسمبر 2012 کے دوران 33.16 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جو گزشتہ مالی سال میں دیے گئے 24.23 ارب روپے کے قرضوں کے مقابلے میں 36.84 فیصد زیادہ ہیں، اس دوران 5 مائیکرو فنانس بینکوں خوشحالی بینک لمیٹڈ، این آر ایس پی مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ، دی فرسٹ مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ، پاک عمان مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ اور تعمیر مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ نے 8.25 ارب روپے کے زرعی قرضے جاری کیے۔

جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں ان بینکوں نے 5.5 ارب روپے کے زرعی قرضے جاری کیے تھے۔ واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے رواں مالی سال میں بینکوں کیلیے عبوری طور پر 315 ارب روپے کے زرعی قرضے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں