اذلان شاہ کپ قومی تربیتی کیمپ لاہور سے کراچی منتقل

پلیئرز فروری کے پہلے ہفتے سے ہاکی کلب آف پاکستان میں صلاحیتیں نکھاریں گے۔


قومی جونیئر ہاکی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے 25 کھلاڑیوں کو کیمپ کا حصہ بنایا جائے گا۔ فوٹو : فائل

KARACHI: پی ایچ ایف نے ناگزیر وجوہات کی بنا پر سلطان اذلان شاہ کپ کیلیے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کو لاہور سے کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پلیئرز اب فروری کے پہلے ہفتے سے ہاکی کلب آف پاکستان میں اپنی صلاحیتیں نکھارینگے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ برس پاکستان ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کو ہرا کر کانسی بعد ازاں روایتی حریف کو ہی ناکوں چنے چبوا کرایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں سونے کا تمغہ سینے پر سجایا، رواں برس ٹیم کا پہلا امتحان سلطان اذلان شاہ کپ ہے۔

جس کی تیاریوں کیلیے کیمپ کو کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، قبل ازیں کیمپ 27 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم لاہور میں لگایا جانا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی جونیئر ہاکی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے 25 کھلاڑیوں کو کیمپ کا حصہ بنایا جائے گا۔



ان کے ناموں کو حتمی شکل دی جا چکی ہے، اعلان چند روز تک متوقع ہے۔ واضح رہے کہ سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا 22 واں ایڈیشن 9 سے17 مارچ تک ایپوہ میں شیڈول ہے، اس میں ملائیشیا سمیت نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، پاکستان اوربھارت کی ٹیمیں حصہ لینگی، انگلینڈ، ہالینڈ اور جرمنی کو بھی مدعو کیا گیا تھا تاہم انھوں نے انٹرنیشنل اسائمنٹس کو جواز بنا کر شرکت سے معذرت کر لی، اسپین، جنوبی افریقہ اور کوریا کے جواب کا تاحال انتظار ہے،ٹیم مینجمنٹ کی درخواست پر غیر ملکی ٹرینر کی خدمات حاصل کرنے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں