بنگلہ دیش پریمیئر لیگ شائقین کی توجہ کھینچنے میں ناکام

ہزاروں خالی سیٹیں منتظمین کو منہ چڑانے لگیں، ٹکٹوں کے نرخ کم کر دیے گئے۔

اب 350 ٹکا والی ٹکٹ 200 میں فروخت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ فوٹو : فائل

SUKKUR:
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ شائقین کی توجہ کھینچنے میں ناکام ہوگئی، میچز کے دوران ہزاروں خالی سیٹیںمنتظمین کو منہ چڑاتی رہتی ہیں۔

لوگوں کو اسٹیڈیم لانے کیلیے ٹکٹوں کی قیمتیں بھی کم کردی گئیں، سابق کپتان تمیم اقبال کا کہنا ہے کہ خالی اسٹینڈز کے سامنے پرفارم کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے زبردستی میں بی پی ایل کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز تو کردیا مگر ابھی تک اس میں شائقین کی دلچسپی پیدا نہیں ہوئی، تقریباً تمام ہی میچز میں ہزاروں کی تعداد میں نشستیں خالی پڑی ہوتی ہیں۔




ایونٹ مینجمنٹ کمپنی گیم آن اسپورٹس اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے زیادہ تعداد میں لوگوں کو اسٹیڈیم میں لانے کیلیے ٹکٹوں کی قیمتیں کم کردی ہیں، اب 350 ٹکا والی ٹکٹ 200 میں فروخت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دوسری جانب تمیم اقبال نے بھی کم کرائوڈ پر شدید مایوسی ظاہر کی، گذشتہ دنوں چٹاگانگ کنگز کے خلاف ان کی ٹیم راجشاہی نے لو اسکورننگ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 2 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، مگر اس مقابلے کو دیکھنے کیلیے شیربنگلہ اسٹیڈیم میں ایک ہزار سے بھی کم لوگ موجود تھے۔

تمیم نے کہا کہ خالی اسٹینڈز کے سامنے پرفارم کرنے کا کوئی بھی فائدہ نہیں،میری شائقین سے درخواست ہے کہ وہ اسٹیڈیم میں آکر ان سنسنی خیز مقابلوں سے لطف اندوز ہوں۔ یاد رہے پاکستانی کھلاڑیوں کی دستبرداری کے سبب ایونٹ میں شائقین کی دلچسپی خاصی کم ہوگئی ہے۔
Load Next Story