چپ تعزیہ کے جلوس نشترپارک اور رضویہ سے برآمد ہوئے

مجلس سے علی کرار نقوی نے خطاب کیا،سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے.

چُپ تعزیے کا جلوس صدر کے علاقے سے گزر رہا ہے (فوٹو ایکسپریس)

QUETTA:
چپ تعزیہ کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا جس کی قیادت بوتراب اسکائوٹس نے کی اس سے قبل بعد نماز فجر نشترپارک میں مجلس عزا منعقد ہوئی۔

جس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ علی کرار نقوی نے کہا کہ دین اسلام کی سربلندی و استحکام کیلیے رسول اکرمؐؐ سے کیے گئے وعدے کو حسین ابن علی نے وفا کیا، آج مسلمان رسول اکرمؐؐ کے یوم ولادت کا مہینہ منا رہے ہیں جس سے یہ بات واضح ہے کہ رسولؐ کا دین زندہ ہے۔


چپ تعزیہ کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پرانی نمائش، ایم اے جناح روڈ، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، جامع کلاتھ، لائٹ ہائوس، بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا نورباغ مسافرخانہ کھارادر پر اختتام پزیر ہوا، چپ تعزیہ کا دوسرا بڑا جلوس رضویہ سوسائٹی سے برآمد ہوا۔



جلوس کی قیادت بھی بوتراب اسکائوٹس نے کی، یہ جلوس مقررہ راستوں لسبیلہ چوک، تین ہٹی سے ہوتا ہوا مارٹن روڈ امام بارگاہ شاہ نجف پر اختتام پذیر ہوا،انتظامیہ نے چپ تعزیہ کے دونوں جلوسوں کے سلسلے میں سخت حفاظتی انتظامات کیے تھے، ٹریفک کے بھی متبادل انتظامات کیے گئے تھے اور جلوس کے راستوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کو جانے کی اجازت نہیں تھی۔
Load Next Story