خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

شہد دودھ میں ڈال کر پینا
طفیل ارشد، وہاڑی
خواب : میرا تعلق ایک غریب خاندان سے ہے۔ بڑی مشکل سے ضروریات پوری ہوتی ہیں۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں میز کے گرد بیٹھا ہوا ہوں ۔ اس پر بہت سے مزے کے کھانے پڑے ہوئے ہیں۔ میں اس میں سے شہد نکال کر دودھ میں ڈال کر پیتا ہوں۔ ختم ہونے پر میں مزید شہد اور دودھ پیتا ہوں اور بہت مزے سے پیتا ہوں۔

تعبیر:۔اچھا خواب ہے اور اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے رزق میں اضافہ ہو گا ،کاروبار میں ترقی ہو گی۔ آپ کے مال اور وسائل میں ترقی و بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد جاری رکھیں۔

بال سفید ہونا
عطیہ فرحان،لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کہیں جانے کے لئے تیار ہو رہی ہوں۔ شیشے میں جب میں کنگھی کر رہی ہوتی ہوں تو دیکھتی ہوں کہ میرے سارے بال سفید ہو رہے ہیں۔ میں خود کو دیکھ کر حیران رہ جاتی ہوں اور ایک دم رونا شروع کردیتی ہوں ۔ میری امی بھی آجاتی ہیں اور یہ دیکھ کر وہ بھی رونا شروع کردیتی ہیں کہ ایک دم یہ کیا ہو گیا۔

تعبیر:۔آپ کا خواب اچھا ہے، پریشانی والا نہیں۔ یہ آپ کی عزت و وقار میں اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔ کوئی کام یا جاب کے حوالے سے کامیابی ملے گی ۔ احباب میں عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد بھی کیا کریں۔

باغ میں چہل قدمی
قدسیہ بانو،لاہور
خواب : میں لاہور میں رہتی ہوں اور کبھی بھی کسی گاؤں نہیں گئی۔ پچھلے دنوں میں نے خواب میں دیکھا کہ میں ایک باغ میں چہل قدمی کر رہی ہوں اور ان احساسات کے ساتھ کہ یہ باغ میرا ہے۔ وہاں بہت سے پھل دار درخت ہوتے ہیں اور بہت ٹھنڈی ہوا چل رہی ہوتی ہے۔ میں بہت خوش ہوتی ہوں۔

تعبیر:۔آپ کا خواب اچھا ہے جو کہ آپ کے رزق میں اضافہ کو ظاہر کرتا ہے۔ کاروبار میں ترقی اور شہرت میں اضافہ کو ظاہر کرتا ہے۔ اللہ کے فضل سے آپ کے وسائل اور مال میں بہتری ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد جاری رکھیں۔

نوکری سے نکالے جانا
رحیم اچکزئی، ڈیرہ غازی خان
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے دفتر میں بیٹھا ہوں، مگر میرا باس مجھے بلا کر نوکری سے نکال دیتا ہے۔ میں اس کی کافی منت سماجت کرتا ہوں مگر اس کا غصہ کم نہیں ہوتا اور مجھے یہ نہیں یاد کہ وہ کس بات پر خفا ہو کر مجھے نوکری سے نکال رہے ہیں۔

تعبیر:۔خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ لوگ آپ کو غلط باتوں کی ترغیب دیتے ہیں اور آپ لوگوں کی باتوں میں بنا سوچے سمجھے آجاتے ہیں ۔ ان کی کوشش ہے کہ آپ سے غلط کام کروا کر خود فائدہ اٹھا لیں۔ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ آپ صدقہ دیں اور ساتھ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔ چلتے پھرتے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

گوشت کے ٹکڑے دیکھنا
احمد مرتضیٰ، قصور
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں گھر سے دوکان پر جانے کے لئے نکلتا ہوں مگر راستے میں جگہ جگہ مجھے گوشت کے ٹکڑے نظر آتے ہیں۔ میں ان سے بچتا ہوا اپنی دوکان کی طرف بڑھتا ہوں مگر اس کے آگے بھی کافی زیادہ گوشت گرا ہوتا ہے۔

تعبیر:۔ یہ خواب آپ کے کاروبار سے متعلق ہے۔ آپ کسی بھی آدمی پر بغیر سوچے سمجھے اعتبار نہ کریں اور کاروباری معاملات میں لین دین کرتے وقت کافی محتاط رہیں اور تحریر کئے بغیر کوئی معاملہ طے نہ کریں۔ اگر کچھ لیں تو رسید لازمی حاصل کریں۔ نماز پنجگانہ ادا کرنے میں سستی نہ کریں اور چلتے پھرتے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ حسب استطاعت صدقہ خیرات کیا کریں۔

گراؤنڈ کی گھاس خشک
جاوید احمد،لاہور
خواب۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ کالج جاتا ہوں ۔ میرے دوست کالج کے قریب ایک کنٹین میں ناشتہ کرتے ہیں اور پھر ہم کالج کے اندر داخل ہوجاتے ہیں۔ میں نے دیکھا کہ کالج کی گراؤنڈ کی گھاس پہلے تو بڑی اچھی لگتی ہے اور پھر وہ گھاس میرے دیکھتے ہی دیکھتے خشک ہو نے لگتی ہے اور پورے گراؤنڈ کی گھاس خشک ہو جاتی ہے۔ پھر مٹی بھی اڑنا شروع ہو جاتی ہے ۔ میں یہ دیکھ کر بہت پریشان ہوجاتا ہوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر۔ یہ خواب اللہ نہ کرے کسی پریشانی ،خوف یا غم کو ظاہر کرتا ہے کوئی ذہنی پریشانی بھی آسکتی ہے۔ آپ کے مال اور وسائل میں بھی کمی ہوسکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار بھی کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کے دن ظہر کی نماز کے بعد کالے ماش،کالے چنے یا کالا کپڑا کسی شخص کو صدقہ کے طور پر دے دیں۔

کتاب پڑھنا
انور علی،لاہور
خواب۔ میں نے دیکھا کے میں اپنے کمرے میں اپنے بستر کے اوپر لیٹا ہوا ہوتا ہوں اور میرے بیگ کے ساتھ کچھ کتابیں بھی ایک میز کے اوپر پڑی ہوئی ہوتی ہیں۔ میں ایک کتاب اٹھا کر مطالعہ شروع کر دیتا ہوں ۔ کتاب میں روحانی باتیں لکھی ہوئی ہوتی ہیں۔ میں بڑے شوق سے پڑھتا ہوں اور پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے علم اور حکمت میں اضافہ ہوگا اور آپ اس علم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ آپ کا ذہن نیکی کی طرف رہے گا۔ علم کی روشنی آپ کیلئے راہ نجات ثابت ہوگی۔ آپ اس روشنی سے خود اوردنیا کو روشن کریں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی اور یاقیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔

صاف پانی پینا
صائمہ بی بی ،گجرات
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے گھر میں ہوتی ہوں ۔ میرے شوہر کچن میں صاف اور شفاف پانی کی دوبوتلیں لے کر آتے ہیں۔ میں وہ بوتلیں زمین سے اٹھا کر میز پر رکھ دیتی ہوں ۔ اور پھر ایک گلاس جو صاف اور ستھرا ہوتاہے اس میں وہ شفاف پانی ڈال کر پیتی ہوں۔ مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میرے اندر تروتازگی آگئی ہے اور میں بہت خوش ہوتی ہوں اور پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر :۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی عمر میں برکت ہوگی۔ اگر آپ بیمار ہیں تو شفا ملے گی۔گھر میں آرام اور سکون ملے گا۔ آپ کے رزق میں اضافہ ہوگا۔ کاروبار میں بھی برکت ہوگی ۔مال اور وسائل میں بہتری آئے گی۔ اللہ تعالیٰ مال اور نعمت میں اضافہ فرمائیں گے آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاشکور یا عزیز کا ورد بھی جاری رکھیں۔

شہد کھاتی ہوں
نسرین بیگم ، راولپنڈی
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے ماموں کے گھر میں ہوتی ہوں۔ وہاں پر میری ممانی میرے لئے ناشتہ لے کر آتی ہیں۔ ناشتہ میں ایک بوتل میں شہد بھی ہوتا ہے۔ شہد مجھے بہت پسند ہوتاہے۔ میں شہد کودیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں ۔میں جلدی سے ڈبل روٹی کے ایک ٹکرے پر شہد لگا کر کھاتی ہوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو طاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے اگر آپ بیمار ہیں تو انشاء اللہ جلد شفا مل جائے گی۔آپ کے رزق میں برکت ہوگی۔آپ کے کاروبار میں اضافہ ہوگا ۔ جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔کاروبار میں زیادہ سے زیادہ منافع ہونے کی امید ہو سکتی ہے۔آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد جاری رکھیں اور کچھ صدقہ وخیرات بھی کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔