روشن راستہ

جانیے اپنے اہم سوالات کے بہتر جوابات۔

جانیے اپنے اہم سوالات کے بہتر جوابات۔ فوٹو : فائل

BRISBANE:
نشہ کی لت
سوال: پانچ سال پہلے چند غلط دوستوں کی وجہ سے میں نشے کی لت میں مبتلا ہوگیا۔ اب یہ حال ہے کہ روزانہ یا دوسرے دن ضرور نشے کے انجیکشن لگاتا ہوں۔ پہلے میں بہت خوش اخلاق تھا مگر اب چڑچڑا پن اس قدر ہوگیا ہے کہ گھر والوں کے ساتھ بھی رویہ ٹھیک نہیں رہتا۔ اب میں نشہ کی اس لت سے چھٹکارا پانا چاہتا ہوں۔
(ارشد اقبال۔ جہلم)
جواب: اپنی والدہ صاحبہ سے کہیں کہ جب آپ رات کو گہری نیند سوجائیں تو وہ آپ کے سرہانے کھڑی ہو کر سورۂ المائدہ کی آیت 90 ایک مرتبہ اتنی آواز کے ساتھ کہ آپ کی نیند خراب نہ ہو پڑھ کر آپ کے سر پر دم کریں اور دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔

دوست مطلبی ہے۔۔۔۔
سوال: میرا ایک بہت اچھا دوست ہے۔ مجھے اس سے بہت قلبی لگاؤ ہے۔ شروع میں تو وہ میرے ساتھ بہت مخلص تھا مگر اب وہ مجھ سے دور بھاگتا ہے۔ میرا دل چاہتا ہے کہ وہ ہر وقت میرے ساتھ رہے، لیکن وہ صرف اپنے کام کی وجہ سے ملتا ہے اور بہت مطلبی ہوگیا ہے۔
(رشیدخان۔ چیچہ وطنی)
جواب: عزیز بیٹے! آپ کا دوست مطلبی نہیں ہوا۔ دراصل آپ خود غرض بن رہے ہیں۔ اس کے رویے میں تبدیلی کے بارے میں سوچنے کے بجائے خود اپنی بے اعتدالیوں کو تسلیم کرنے کے قابل بنیے۔ اچھی دوستی اور ذہنی ہم آہنگی کا اظہار کرنے کے لیے ہر وقت ساتھ رہنا ضروری نہیں ہے۔ سچا دوست تو دور رہ کر بھی دل کے قریب ہی ہوتا ہے۔ دراصل آ پ زیادہ تر وقت فارغ رہتے ہیں جب کہ آپ کا وہ دوست کئی کاموں میں مصروف رہتا ہے۔ آپ اپنی فراغت کی وجہ سے اسے Missکرتے ہیں، جب آپ، مثبت کاموں میں مصروف ہوجائیں گے تو آپ کو اپنے اس دوست کی اتنی یاد نہیں آیا کرے گی۔ اپنی پڑھائی پر زیادہ توجہ دیجیے۔

کم زور نظر
سوال: میری نظر بہت کم زور ہوگئی ہے۔ تیرہ سال قبل مجھے ٹائیفائیڈ ہوا تھا اس کے بعد نظر کم زور ہونا شروع ہوئی۔ ابتدا میں یہ صرف -0.5 تھی لیکن اب بڑھتے بڑھتے -3.25 ہوگئی ہے۔ عینک استعمال کرتی ہوں لیکن نظر مستقل کم زور ہوتی جارہی ہے براہِ مہربانی کوئی ایسا حل بتائیں کہ میری اصل نظر بحال ہوجائے۔
(سعدیہ۔ جگہ کا نام نہیں لکھا)
جواب: آپ عینک ضرور لگائیں۔ صبح سویرے بیدار ہو کر گھاس پر تقریباً آدھا گھنٹہ ننگے پیر چہل قدمی کریں۔ صبح کے وقت کرسی پر بیٹھ کر ٹیبل ٹینس کی گیندیں پیروں کے نیچے رکھ کر پیر آگے پیچھے گھمائیں۔ دس منٹ کی اس ورزش کے بعد مغز بادام شیریں 8 دانے، کشمش سبز 12 گرام یہ دونوں اشیاء جو آپ پہلے ہی رات کو بھگو کر رکھ چکی ہوں، چبا کر کھالیں اور اوپر سے ایک گلاس نیم گرم دودھ بھی پی لیں۔

آمدنی میں اضافہ
سوال: تین سال قبل کمپنی کے خسارے کی وجہ سے مجھے اور دوسرے ورکرز کو نوکری سے فارغ کردیا گیا۔ اس پر ستم یہ ہوا کہ ہمارے اپنے واجبات بھی ابھی تک ادا نہیں کیے گئے۔ میرے بچے زیرتعلیم ہیں۔ ایک فیکٹری میں عارضی طور پر ملازمت تو مل گئی ہے لیکن بہت محدود تنخواہ میں گھریلو ضروریات پوری نہیں ہو پارہی ہیں۔ دل کرتا ہے کہ یہ ملازمت چھوڑدوں۔ کسی اچھی ملازمت کی تلاش میں ہوں۔ اعلیٰ تعلیم اور تجربے کے باوجود کہیں بھی ملازمت نہیں مل رہی۔
(پرویز: لاہور)
جواب: اﷲ پر بھروسا رکھیں۔ موجودہ ملازمت اُس وقت تک نہ چھوڑیں جب تک آپ کو دوسری جگہ اچھی ملازمت نہیں مل جاتی۔ روزانہ بعد نمازِ عشاء 101مرتبہ سورہ آلِِ عمران کی آیت:
ان اللّٰہ یرزق من یشاء بغیر حسابO
گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر معاشی حالات کے سدھار کے لیے اﷲ تعالیٰ کے حضور دعا کریں۔

عجیب واقعات
سوال: ہمارے گھر میں تقریباً ہر فرد بیمار رہتا ہے۔ جتنا علاج کراتے ہیں مرض بڑھتا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ عرصے سے گھر میں عجیب عجیب واقعات ہورہے ہیں۔ معاشی پریشانیاں بھی بڑھتی جارہی ہیں۔ کبھی گھر کی چیزیں خراب ہوجاتی ہیں تو کبھی غائب۔ ایک دفعہ جب صبح ہم لوگ اٹھے تو گھر میں خون کے قطرے گرے ہوئے تھے۔ صفائی کے دوران ایک بار پودوں کے پاس سے ایک تعویذ نکلا جسے ہم نے پھینک دیا۔ گھر کا یہ حال ہے کہ سب لوگ ذرا ذرا سی بات پر ایک دوسرے پر غصہ ہوتے رہتے ہیں۔ امی، ابو میں اور سب بھائی بہنوں میں لڑائی ہوتی رہتی ہے۔
(سمیع سلیم۔ راولپنڈی)
جواب: بعد نماز عشاء 41 مرتبہ سورۂ فلق پڑھ کر ایک گلاس پانی پر دم کریں اور ایک ایک گھونٹ پانی سب گھر والوں کو پلادیں اور تھوڑا پانی گھر کے چاروں کونوں میں چھڑک دیں۔ اس عمل کی مدت کم از کم اکیس روز ہے۔ روزانہ عصر سے مغرب کے درمیان پورے گھر میں کسی وقت لوبان کی دھونی بھی دیا کریں۔

شادی پر بندش
سوال: ہم اچھے اور کھاتے پیتے گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں، مگر ہم میں سے کسی بھائی یا بہن کی شادی نہیں ہوتی۔ سب کچھ ہونے کے بعد بھی رشتے طے نہیں ہوتے۔ ہم سنتے ہیں کہ آج کل لڑکیوں کی شادی مسئلہ بنی ہوئی ہے، مگر یہاں تو نہ لڑکوں کی شادی ہورہی ہے نہ لڑکیوں کی۔ جو لوگ ہمارے گھر آتے ہیں انہیں ہماری کسی چیز پر اعتراض نہیں ہوتا لیکن پھر بھی بات بنتے بنتے ختم ہوجاتی ہے۔ بعض لوگ کہتے ہیں کہ کسی نے بندش کروائی ہوئی ہے۔
(ص۔ن: کراچی)
جواب: صبح کے وقت سورۂ فاتحہ (الحمد شریف) اس طرح پڑھیں کہ جب ایاک نعبدو ایاّک نستعین Oپر پہنچیں تو اس آیت کو گیارہ مرتبہ پڑھیں پھر سورہ پوری کریں اور پانی پر دم کردیں۔ اسی طریقے پر گیارہ مرتبہ یہ سورہ پڑھیں اور ہر بار پانی پر دم کریں۔ یہ پانی تین گھونٹ میں پی لیں۔ اس عمل کی مدّت چالیس روز ہے۔ یہ عمل آپ کی والدہ بھی کرسکتی ہیں ہر جمعرات کو کم از کم تین مستحق افراد کو کھانا بھی کھلا دیں۔

معدے کا انفیکشن
سوال: آج سے چار سال قبل مجھے معدے کی تکلیف ہوئی اور اس قدر سوزش ہوگئی کہ جھک کر کوئی کام کرتے وقت معدے میں شدید درد محسوس ہوتا ہے۔ ڈاکٹروں کو دکھایا تو انہوں نے معدے کا انفیکشن بتایا اور تین ماہ مستقل دوائی استعمال کرنے کے باوجود مکمل آرام نہیں آیا۔
(فرحت۔ سیالکوٹ)
جواب: خربوزے کے بیج کی گری دو تولہ گرائنڈ کرلیں اور اس پیسٹ کو صبح نہار منہ کھالیں۔ ناشتہ آدھے گھنٹے بعد کریں۔ سبز شعاعوں میں تیار کردہ پانی صبح نہار منہ اور شام اور زرد شعاعوں میں تیار کردہ پانی دوپہر اور رات کھانے سے قبل آدھی آدھی پیالی پییں۔ کھانوں میں سرخ مرچ، گائے کے گوشت اور تیز مسالے دار غذاؤں سے چند ماہ تک پرہیز کریں۔

کہیں گنجی نہ ہوجاؤں۔۔۔۔۔
سوال: میرے بال بہت ہلکے ہوتے جارہے ہیں۔ شیمپو کرنے کے بعد کنگھی کرتے ہوئے اس قدر بال گرتے ہیں کہ انہیں دیکھ کر میں رو پڑتی ہوں ۔ سامنے سے بال کافی زیادہ گر چکے ہیں اور ماتھا بہت چوڑا ہوچکا ہے۔ اگر بال گیلے ہوں تو سر کی جلد نظر آنے لگتی ہے۔ مجھے ڈر ہے کہیں پوری گنجی نہ ہوجاؤں ۔ میں نے اپنے بالوں کی وجہ سے اسکارف باندھنا شروع کردیا ہے۔

(ارم۔ لاہور)
جواب: اپنی صحت پر توجہ دیں ایسی غذائیں لیں جو آپ کی جسمانی کم زوری دور کرنے میں معاون ہوں۔ شہد ایک ایک چمچا صبح و شام پینا بھی آپ کے لیے مفید رہے گا۔ بالوں میں لگانے کے لیے گھر پر ہی یہ تیل تیار کرلیں۔ استعمال شدہ چائے کی پتی کو سکھالیں۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ چائے بناتے وقت اس کے ساتھ شکر شامل نہ کی جائے۔ سوکھی پتی کو پانی میں اس قدر جوش دیں کہ پانی کا رنگ گہرا ہوجائے۔ اب اس میں تلوں کا خالص تیل شامل کرلیں اور اس قدر پکائیں کہ پانی بھاپ بن کر اُڑ جائے اور برتن میں صرف تیل باقی رہ جائے۔ اس تیل کو چھان کر نیلے رنگ کی بوتل میں رکھ لیں اور تین دن تک دھوپ میں رکھیں۔ اس کے بعد اس تیل سے روزانہ رات کو سوتے وقت آٹھ دس منٹ تک سر میں اچھی طرح مالش کریں۔

ساس کے مطالبے
سوال: میری شادی کو دو سال ہوئے ہیں۔ میرے شوہر اپنی ملازمت کے سلسلے میں دوسری جگہ مقیم ہیں۔ میں اپنے ساس اور سُسر کے ساتھ رہتی ہوں۔ میرے ساس سسر میرے گھر والوں کو پسند نہیں کرتے حالاںکہ شادی سے پہلے میری والدہ اور ساس صاحبہ میں بہت اچھی دوستی تھی لیکن اب میری ساس کو میرے گھر والوں کا مجھ سے ملنے آنا بھی بُرا لگتا ہے۔ چند ماہ سے ساس صاحبہ ہر وقت ایک ہی رٹ لگائے رکھتی ہیں کہ جلد سے جلد اولاد ہوجائے۔ حالاںکہ ابھی میری عمر صرف بیس سال ہے اور میرے شوہر مجھ سے تین سال بڑے ہیں۔ دوسرے وہ تین ماہ بعد صرف 8 دن کی رخصت پر گھر آتے ہیں۔
(نام شائع نہ کریں)
جواب: رات سونے سے پہلے اکتالیس مرتبہ کھٰیٰعٓصٓ O اول آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے مقصد کے حل کے لیے دعا کرتے ہوئے سوجائیں۔ عمل کی مدت چالیس روز ہے۔ ناغے کے دن شمار کرکے بعد میں پورے کرلیں۔

سوتے میں بڑبڑاتا ہے
سوال: میرا چھوٹا بھائی رات کو سوتے میں بڑبڑاتا رہتا ہے۔ اکثر چیخیں بھی مارتا ہے۔ اُس کی عمر 20 سال ہوگئی ہے۔ یہ مسئلہ کئی سالوں سے جاری ہے۔ صبح اسے اپنی کیفیت کے بارے میں کچھ یاد نہیں ہوتا لیکن ہم سب گھر والے بہت پریشان ہوتے ہیں۔
(صوفیہ۔ ایبٹ آباد)
جواب: درمیانے سائز کی ایک پیاز باریک کاٹ لیں اور مکئی کا تیل اتنی مقدار میں جس میں کہ یہ کٹی ہوئی پیاز ڈوب جائے لے لیں۔ اب دونوں کو ایک برتن میں ڈال دیں۔ اس تیل کو اتنا پکائیں کہ پیاز سرخ ہوجائے۔ دن بھر میں تین بار یہ تلی ہوئی پیاز اور تیل دونوں اپنے بھائی کو کھلا دیں۔ یہ پیاز دال سالن میں بھی ڈال سکتے ہیں اور روٹی کے ساتھ بھی کھلا سکتے ہیں۔

لاکھوں کا قرض
سوال: مجھ پر لاکھوں کا قرض چڑھ گیا ہے اور اس قرض کو اُتارنے کے لیے کوئی راستہ نظر نہیں آرہا ہے۔ تنخواہ میں گھر کا خرچ چلانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ دودھ والے، دکان دار اور دیگر کئی لوگوں کی ادائیگیاں نہ ہونے سے قرض کا بوجھ ہوتا جارہا ہے۔
(طاہر۔ کراچی)
جواب: رات کو سونے سے پہلے اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ ہزار مرتبہ اللہ تعالیٰ کے اسم یافتّاح کا ورد کرکے اللہ تعالیٰ سے اپنے روزگار میں برکت کے لیے دعا کریں اور بات کئے بغیر سوجائیں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔

والد غیر ذمے دار ہیں
سوال: ہماری امی کا انتقال ہوچکا ہے۔ ہم دو بہنیں ہیں۔ میں نے بی کام کرلیا ہے، چھوٹی بہن بی کام کررہی ہے۔ ہمارے ابو کو اس بات کی کوئی فکر نہیں رہتی کہ گھر کی کیا کیا ضروریات ہیں اگر کبھی کوئی چیز ختم ہوجائے تو پہلے دس باتیں سناتے ہیں۔ ایسی بات نہیں ہے کہ اُن کی آمدنی کم ہے۔ ہم دونوں بہنیں اسکول ٹیچر ہیں اگر ہم اپنے پیسوں سے کچھ خرید لیں تو بھی بہت چیختے ہیں۔ ابو نہ ہمارے کپڑے بناتے ہیں نہ اپنے۔ وہ خود کو جان بوجھ کر غریب ظاہر کرتے ہیں۔ لوگ ہمارے رشتے کے لیے آتے ہیں لیکن ہماری حالت دیکھ کر واپس نہیں پلٹتے۔
(ک۔ الف: فیصل آباد)
جواب: ہر نماز کے بعد 101مرتبہ:
بحول و قوت لا الہ الا اﷲ المھیمن العزیز الجبار المتکبر، گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر والد صاحب کے مزاج میں تبدیلی کے لیے دعا کریں۔ عمل کی مدت اکیس روز ہے۔ عمل کا آغاز اس طرح کیا جائے کہ ناغے کے دن درمیان میں نہ آئیں۔

رُکاوٹ اور خوف
سوال: میں نرسری سے لے کر آٹھویں کلاس تک پوزیشن ہولڈر رہی ہوں۔ میں نے میٹرک میں بھی بہت اچھے نمبر لیے لیکن FAمیں سارے پیپرز کلیئر نہ کرسکی اور میری سپلی آگئی۔ رکاوٹوں کی وجہ سے ہونے والی اس ناکامی سے میں شدید مایوس ہوگئی اور پڑھائی سے میرا دل اُچاٹ ہوگیا ہے۔ میں اب دو سال بعد دوبارہ امتحان دینا چاہتی ہوں لیکن ناکامی کا خوف مجھے چاروں طرف سے گھیرے ہوئے ہے۔
(سائرہ۔ لاہور)
جواب: خوف اور رکاوٹ ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔ کبھی رُکاوٹیں آگے بڑھنے سے انسان کو خوف زدہ کردیتی ہیں تو کبھی خود خوف ہی ایک بڑی رُکاوٹ بن جاتا ہے۔
ہر معاملے کے دو رُخ ہوتے ہیں ایک مثبت ، ایک منفی۔ زندگی کے سفر میں کسی رکاوٹ کا سامنا ہو تو مثبت اندازِفکر یہ سمجھاتا ہے کہ یہ رکاوٹ تو بہت زیادہ آگے بڑھانے میں معاون ہوگی۔ منفی اندازِفکر جھنجھلاہٹ، بیزاری اور مایوسی کا سبب بنتا ہے۔ یہی حال خوف کا بھی ہے۔ خوف پر ردِعمل کا انداز مثبت ہو تو کسی ناکامی، کسی نقصان یا عدم تحفظ کا احساس آدمی کو آگہی میں اضافے کرتے رہنے، بہتر حکمت عملی، اچھی تدبیر اور بچاؤ کے لیے ٹھوس اقدامات پر اُبھارتا ہے۔ اس رد عمل کا نتیجہ تعمیر، توسیع اور ترقی کی صورت میں برآمد ہوتا ہے۔

خوف پر منفی ردِعمل آدمی کو دوسروں پر بے جا شکوک، ذہنی انتشار، بددلی، بے عملی، اپنی صلاحیتوں پر عدم اعتماد میں جکڑ دیتا ہے۔ ان سب کا نتیجہ پیچھے رہ جانے یا منزل کو کھودینے کی شکل میں ظاہر ہوتا ہے۔
پیاری بیٹی۔۔۔۔! تم میٹرک تک امتحانات میں بہت اچھے نمبر حاصل کرتی رہی ہو۔ انٹر میں تم فیل ہوگئیں۔ تمہارا فیل ہوجانا کسی رُکاوٹ کی وجہ سے نہیں بلکہ تمہاری اپنی غلطیوں کی وجہ سے تھا۔ ان غلطیوں کو سمجھ کر، انہیں تسلیم کرکے ان کی اصلاح کرو اور خوب اچھی طرح تیاری کرکے امتحان دو۔ تم اچھے نمبروں سے کام یاب ہوجاؤ گی۔

بالفرض محال تمہاری ناکامی کی وجہ کسی قسم کی کوئی رُکاوٹ تھی، تب بھی اس رکاوٹ کو آگے بڑھنے اور زیادہ بلندی تک پہنچنے کا ذریعہ بنالو۔ قوتِ ارادی میں اضافے کے لیے اللہ کے کلام سے تقویت حاصل کرو۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یا حی یا قیوم یا علیم یا کریم کا ورد کرتی رہا کرو۔

خط بھیجنے کے لیے پتا ہے۔
''روشن راستہ''ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی
پی او بکس 2213 ،کراچی۔74600
ای میل: dr.waqarazeemi@gmail.com
فون نمبر: 021-36685469
Load Next Story