نوازشریف کی موجودگی میں ملک سے کرپشن ختم نہیں ہوگی عمران خان

عدالت بلائے تو ان تمام سیاستدانوں کے نام لوں گا جنہیں شریف برادران نے رشوت دی، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک May 05, 2017
عدالت بلائے تو ان تمام سیاستدانوں کے نام لوں گا جنہیں شریف برادران نے رشوت دی، چیرمین تحریک انصاف، فوٹو؛ فائل

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی طرح کے حکمرانوں کی موجودگی میں ملک میں خوشحالی نہیں آسکتی جب کہ چیلنج کرتا ہوں مجھے عدالت بلائیں ان تمام سیاستدانوں کو بلاؤں گا جنہیں شریف برادران نے رشوت دی۔

نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کرپشن ایک کینسر ہے جس نے ملک کو کھوکھلا کردیا ہے، جو ملک مقروض ہوتا ہے اس کی دنیا میں کوئی عزت نہیں ہوتی اور میں چاہتا ہوں کہ دنیا بھر میں گرین پاسپورٹ کی عزت ہو، اگر وزیراعظم بننا ہوتا تو 21 سال سے جدوجہد نہ کرتا جب کہ نوازشریف میرے خواب کی تعبیر میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے 25 سال میں 50 کروڑ لوگوں کی غربت دور کی، پاکستان چین جیسا تب بنے گا جب ملک سے کرپشن ختم کی جائے گی مگر نوازشریف کی موجودگی میں ملک سےکرپشن ختم نہیں ہوگی اور جب تک نوازشریف کی طرح کے حکمران ہیں ملک میں خوشحالی نہیں آسکتی۔

پاناما کیس پر خاموش رہنے کے لیے 10 ارب روپے کی پیشکش پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے شہباز شریف کو مخاطب کرکے کہا کہ ہرجانہ وہ کرتا ہے جس کی ساکھ ہوتی ہے اور آپ نے چھانگا مانگا، بھوربن میں پیسے دے کر سیاستدانوں کے ضمیرخریدے، 90 کی دہائی میں 6 ارب روپے کے پلاٹ سیاستدانوں کو دیئے گئے جب کہ نوازشریف اور شہبازشریف مجھے یہ بتادیں کہ کس کو رشوت نہیں دی اس لیے چیلنج کرتا ہوں مجھے عدالت بلائیں میں ان تمام سیاستدانوں کو بلاؤں گا جنہیں آپ نے رشوت دی۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں سربراہ صادق اور امین نہیں اسے حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں، صادق اورامین لیڈر کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہوتی ہے مگر ہمارے وزیراعظم اسمبلی میں کھڑے ہوکر جھوٹ بولتے ہیں۔

پاناما کیس میں سپریم کورٹ کی آج کی سماعت پر بات کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ایک جج نے نام نہ لے کر کہا کہ ایک لیڈر نے یہ کہا ہےکہ ججز نے وزیراعظم کو جھوٹا کہا تاہم میں یہ بات کلیئر کردوں گا کہ میں نے یہ کہا تھا کہ 2 ججز نے نوازشریف کو جھوٹا کہا اور پانچوں ججز نے قطری خط کو مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی فرمائش پر جب ٹیکس لگےگا تو ہر چیز مہنگی ہوگی، بجلی کی قیمت بڑھے گی جس سے زیادہ اثر عام آدمی پرپڑتا ہے اور بجٹ خسارہ پورا کرنےکے لیے مزید قرضے لیے جاتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں