بلوچستان بھر میں گورنر راج کے نفاذ کیخلاف مظاہرے

کوئٹہ میں احتجاجی ریلی، 25جنوری کو شٹر ڈاؤن ، یکم فروری کو پہیہ جام ہڑتال ہوگی.


Express Desk January 22, 2013
کوئٹہ میں احتجاجی ریلی، 25جنوری کو شٹر ڈاؤن ، یکم فروری کو پہیہ جام ہڑتال ہوگی. فوٹو: فائل

KARACHI: بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ کے خلاف کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

جس کا اعلان معزول صوبائی حکومت میں شامل جماعتوں نے کیا تھا۔کوئٹہ میں احتجاجی ریلی میں جے یو آئی، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے شرکت کی۔ تاہم پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی تعداد نہ ہونے کی برابر تھی۔ریلی نے باچاخان چوک پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر لی جہاں سینیٹر حافظ حمداللہ اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔مقررین نے گورنر راج کے نفاذ کو یہاں کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین اور اسے ہائی جیک کرنے کے مترادف قرار دیا۔

انھوں نے صوبے سے فوری طور پر گورنر راج کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔کوئٹہ کے علاوہ پشین، لورالائی قلعہ سیف اللہ، ڑوب،قلات، مستونگ، تربت اور دیگر شہروں میں بھی گورنر راج کے نفاذ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔چونکہ گورنر راج کے نفاذ کا فیصلہ پیپلز پارٹی کی قیادت میں قائم وفاقی حکومت نے کیا تھا اس لیے پارٹی کے بلوچستان اسمبلی میں زیادہ تر اراکین خاموش ہیں۔جے یو آئی (ف) اور بی این پی (عوامی) کی جانب سے گورنر راج کے خلاف 25 جنوری کے لیے شٹر ڈاؤن اور یکم فروری کے لیے پہیہ جام ہڑتال کی کال دی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں