فرانسیسی صدارتی امیدوار میکرون کی انتخابی مہم پر ہیکروں کا دھاوا

امانوئیل میکرون کی انتخابی مہم سے تعلق رکھنے والی سینکڑوں خفیہ دستاویزات گزشتہ روز انٹرنیٹ پر پوسٹ کردی گئی ہیں

ہیکنگ کی مبینہ واردات کے نتیجے میں فرانسیسی صدارتی امیدوار امانوئیل میکرون کی انتخابی مہم سے متعلق سینکڑوں خفیہ دستاویزات انٹرنیٹ پر پوسٹ کردی گئی ہیں۔ (فوٹو: فائل)

ISLAMABAD:
فرانسیسی صدارتی امیدوار امانوئیل میکرون کی انتخابی مہم سے تعلق رکھنے والی سینکڑوں خفیہ دستاویزات گزشتہ روز انٹرنیٹ پر پوسٹ کردی گئیں جسے میکرون کے انتخابی منتظمین نے ''ہیکنگ کا بڑا حملہ'' قرار دیا ہے۔

میکرون کی انتخابی مہم کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پر جاری کی گئی دستاویزات میں اصل کے ساتھ جعلی دستاویزات بھی شامل کردی گئی ہیں تاکہ ووٹروں میں میکرون کی پالیسیوں اور انتخابی وعدوں کے بارے میں ابہام پیدا کیا جاسکے اور اتوار کے روز فرانسیسی صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے سے پہلے ہی میکرون کی ساکھ خراب کی جائے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: فرانس میں خاتون صدارتی امیدوار پر انڈوں کی بارش


ہیکنگ کی یہ کارروائی ایک ایسے وقت پر ہوئی ہے جب میکرون کو اپنی حریف امیدوار میری لی پین پر نمایاں برتری حاصل ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ وہ اتوار کے روز فرانسیسی صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں فاتح رہیں گے۔

واضح رہے کہ لی پین کی مقبولیت ان کے نسل پرستانہ اور متعصبانہ نظریات کی وجہ سے کم ہوتی جارہی ہے جبکہ چند روز پہلے ایک ٹیلی ویژن مباحثے میں میکرون کے خلاف تلخ لہجے اور جارحانہ جملوں کے استعمال سے بھی لی پین کی مقبولیت میں مزید کمی آئی ہے اور سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس حرکت کے بعد لی پین کےلیے فرانسیسی صدر منتخب ہونے کا امکان اور بھی کم رہ گیا ہے۔

 
Load Next Story