پاکستانی سے شادی کرنیوالی بھارتی خاتون انڈین ہائی کمیشن میں محصور شوہر تھانے پہنچ گیا

عظمیٰ شوہرکے ویزے کیلیے ہائی کمیشن گئی توحکام نے اندر روک لیا،پولیس کے رابطے پرخاتون کی موجودگی کی تصدیق


Numainda Express May 07, 2017
ڈاکٹرعظمیٰ ملائیشیا میں بونیر کے طاہر کی محبت میں گرفتار ہوئی، یکم مئی کو واہگہ کے راستے پہنچی،3مئی کو شادی کرلی۔ فوٹو : اسکرین گریب ایکسپریس نیوز

اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن نے اپنے پاکستانی شوہر کے ویزے کے لیے رجوع کرنیوالی بھارتی خاتون ڈاکٹر کو روک لیا اور باہر نہیں آنے دیا تاہم فکر مند شوہر اپنی بیوی کی بازیابی کیلیے تھانے پہنچ گیا۔

نئی دہلی سے تعلق رکھنے والی بھارتی خاتون ڈاکٹر عظمیٰ اور بونیرسے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہری طاہر علی ملائشیا میں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوئے تھے۔ ڈاکٹر عظمیٰ یکم مئی کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستانی پہنچی اور 3 مئی کو دونوں نکاح کرکے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

دوسری جانب طاہر کے مطابق اس کی اہلیہ بھارتی ویزے کیلئے اسے گزشتہ روز بھارتی ہائی کمیشن لیکر گئی، جب دونوں ہائی کمیشن کی عمارت میں گئے تو فارم اور اپنے فون حکام کو جمع کرائے۔ اس کے بعد عظمیٰ کو حکام نے اندر بلایا اور وہ باہر رہ گیا۔ جب کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی عظمیٰ باہر نہ آئی تو وہ فکرمند ہوگیا اور حکام سے پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ یہاں نہیں ہے۔

علاوہ ازیں طاہر نے بتایا کہ ہائی کمیشن حکام نے جمع کرائے گئے 3 موبائل فون بھی واپس دینے سے انکار کردیا۔ اس کے بعد طاہر اپنی اہلیہ کی بازیابی کیلئے تھانہ سیکریٹریٹ پہنچ گیا اور باقاعدہ درخواست دائر کردی۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ پولیس نے بھارتی سفارتخانہ سے رابطہ کرلیا ہے اور ڈاکٹر عظمیٰ کی موجودگی کی تصدیق کی ہے تاہم اس ضمن میں کوئی بھی بات چیت دفتر خارجہ کے ذریعے کرنیکا موقف اپنایا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں