بورڈ آفس چورنگی انٹرچینج پل رواں ماہ ٹریفک کیلیے کھولا جائے گا

چورنگی سگنل فری ہوجائیگی، گرین لائن بسیں پل کے بجائے نیچے سڑک سے گزریں گی۔


Syed Ashraf Ali May 07, 2017
چورنگی سگنل فری ہوجائیگی، گرین لائن بسیں پل کے بجائے نیچے سڑک سے گزریں گی۔فوٹو:آن لائن

بورڈ آفس چورنگی انٹرچینچ کا تعمیراتی کام تقریباً مکمل ہوگیا تاہم رواں ماہ کے آخر اور رمضان سے قبل ٹریفک کیلیے کھول دیا جائے گا۔

وفاقی حکومت کا ادارہ کراچی انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی بس ریپیڈ ٹرانزٹ پروجیکٹ کے تحت گرین لائن بس منصوبہ کا پہلا فیز سرجانی تا گرومندر تعمیر کیا جا رہا ہے، واضح رہے کہ گرین لائن بس منصوبے کا آغاز جنوری 2016ء میں ہوا تھا اور اسے دسمبر 2017ء میں مکمل ہونا ہے، 18.5کلومیٹر طویل بس ریپیڈ ٹرانزٹ سسٹم میں 11.5کلومیٹر ایلویٹیڈ جبکہ سات کلومیٹر زمینی ہے، منصوبہ پر 16.5ارب روپے لاگت آرہی ہے جبکہ منصوبے کے تحت بورڈ آفس چورنگی پر ایک انٹرچینج اور تین فلائی اوورز سخی حسن، فائیو اسٹار چورنگی اور کے ڈی اے چورنگی پر زیر تعمیر ہے۔

ادھر متعلقہ افسران نے بتایا کہ گرین لائن پر بسیں سخی حسن چورنگی ، فائیو اسٹار چورنگی اور کے ڈی اے چورنگی فلائی اوورز سے گذریں گی تاہم بورڈ آفس چورنگی انٹرچینچ استعمال نہیں کریں گی بلکہ پل کے نیچے شیر شاہ سوری روڈ سے گذریں گی، انٹرچینج کے افتتاح کے بعد بنارس (عبداللہ کالج) سے حیدری اور ناظم آباد پیٹرول پمپ جانے والے ٹریفک اور حیدری سے بنارس جانے والی ٹریفک پل کا استعمال کریگی، حیدری سے ناظم آباد پیٹرول پمپ جانے والی ٹریفک بدستور سڑک کے ذریعے گذرے گی جبکہ ناظم آباد سے بنارس جانے والی ٹریفک بھی سڑک کا استعمال کریگی جبکہ پل کی تعمیر سے بورڈ آفس چورنگی سگنل فری ہوجائیگی۔

دوسری جانب کراچی انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی کے جنرل منیجر زبیر چنہ نے بتایا کہ بورڈ آفس چورنگی انٹرچینج کا کام آخری مراحل میں ہے، پل کی چھت اور اسکی کارپیٹنگ کا کام مکمل ہوچکا ہے، لائٹوں کی تنصب کا کام آخری مراحل میں ہے، ریپمپ کے اطراف کرب اسٹون لگائے جارہے ہیں، پل کے اطراف دیگر ترقیاتی کام جاری ہیں جن میں سڑک سے ملبہ کی صفائی، سڑک کی کارپیٹنگ اور شجرکاری وغیرہ شامل ہیں، چورنگی پر چار مونومنٹ بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

زبیر چنہ نے کہا کہ انٹرچینج کا تعمیراتی کام 15مئی تک مکمل کرلیا جائے گا، پل کے اطراف دیگر ترقیاتی کام بھی جلد مکمل کرلیے جائیں گے، شہریوں کی آسانی کیلئے پل کو رمضان سے قبل ٹریفک کیلئے کھول دیا جائیگا، کوشش کی جارہی ہے کہ اسکا افتتاح وزیر اعظم نواز شریف کریں، متعلقہ افسران نے بتایا انٹرچینچ کی تعمیر کا کام گذشتہ سال شروع ہوا تھا اور اسے 9ماہ میں مکمل کیا جانا تھا تاہم یوٹیلیٹی سروسز کی لائنوں کی منتقلی کے باعث یہ دو ماہ تاخیر سے مکمل ہورہا ہے جبکہ بجلی کی ہائی ٹینشن کیبلز اور واٹر بورڈ کی لائنوں کو چار کلومیٹر تک منتقل کیا جبکہ سوئی گیس کی لائنوں کو دو کلومیٹر تک منتقل کیا گیا اور پل کی تعمیرات میں حائل واٹر بورڈ کے ایک پمپنگ اسٹیشن کو بھی دوسرے مقام پر منتقل کیا گیا۔

علاوہ ازیں متعلقہ افسران نے بتایا کہ ناظم آباد 7نمبر پل کا دوسرا ٹریک بھی منہدم کردیا گیا ہے، ملبہ کی صفائی کا کام جاری ہے جسے منگل تک مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد سڑک کی کارپیٹنگ کاکام شروع کیا ہوگا جو جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا جبکہ گرین لائن بس منصوبہ کا کام بھی جاری ہے اور کوشش کی جاری ہے کہ اسے رواں سال دسمبر میں مکمل کرلیا جائے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں