پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا این ایچ اے میں اربوں روپے کی کرپشن پر تحقیقات کا حکم

پی اے سی نے تمام معاملات کی رپورٹ ایک ماہ میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ورنہ کیس نیب کے حوالے کردیا جائے گا


ویب ڈیسک January 22, 2013
پی اے سی نے سیکریٹری مواصلات کو تمام معاملات کی رپورٹ ایک ماہ میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ورنہ کیس نیب کے حوالے کردیا جائے گا فوٹو: فائل

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی میں اربوں روپے کی کرپشن کے انکشاف پر تحقیقات کا حکم دے دیا۔

قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیرمین ندیم افضل چن کی زیرصدارت ہوا جس میں این ایچ اے اور وزارت انسانی وسائل کے متعلق آڈٹ اعتراضات پر غور کیا گیا۔ سیکریٹری مواصلات نے اجلاس کو بتایا کہ این ایچ اے میں کئی کیسوں کا ریکارڈ نہیں مل رہا جبکہ 2004اور2005 کے درمیان ہونے والی بے قاعدگیوں سے متعلق افسران کا کہنا تھا کہ انہوں نے چیئرمین کی ہدایت پر کام کیا۔

سیکریٹری مواصلات نے مزید انکشاف کیا کہ 2004 اور2005 میں این ایچ اے میں 2 ارب روپے سے زائد کی کرپشن ہوئی جب کہ 2006 اور2007کے عرصے میں ادارے میں ساڑھے 5 ارب روپے سے زائد کی کرپشن ہوئی۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے سیکریٹری مواصلات کو تمام معاملات کی رپورٹ ایک ماہ میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ پیش نہ کرنے کی صورت میں معاملہ نیب کے حوالے کردیا جائے گا،کمیٹی نے این ایچ اے کی جانب سے ایم سی جی نامی کمپنی سے 542 ملین روپے سے زائد کی ریکوری نہ کرنے پر بھی سیکریٹری مواصلات کو 15 روز میں انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں