ڈان لیکس پر آج یا کل تفصیلی نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا مریم اورنگزیب

اپوزیشن کی تنقید نے مریم نواز کو آنے والے وقت کا وزیراعظم بنا دیا ہے، وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات


ویب ڈیسک May 07, 2017
اپوزیشن کی تنقید نے مریم نواز کو آنے والے وقت کا وزیراعظم بنا دیا ہے، وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات. فوٹو:فائل

وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے ڈان لیکس کے معاملے پر تفصیلی نوٹی فکیشن آج یا کل جاری کردیا جائے گا۔

کراچی میں کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے تحت میٹ دی ایڈیٹرز سے خطاب میں وزیرمملکت برائےاطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ڈان لیکس کے معاملے پرغیرضروری سیاست کی جارہی ہے اور اس حوالے سے کوئی بات کرنا مناسب نہیں سمجھتی تاہم وزارت داخلہ کی جانب سے کل یا پرسوں تفصیلی نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا جس میں واضح ہوگا کہ کس کا کیا کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تنقید نے مریم نواز کو آنے والے وقت کا وزیراعظم بنا دیا ہے جب کہ مریم نواز کو آئندہ وزیراعظم بنانے کا پروپیگنڈہ اپوزیشن نے ہی کیا تاہم وزیراعظم یا مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزارت عظمیٰ کا امیدوار کون ہوگا اس کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔

وزیرمملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ہر سطح پر اظہار رائے کی آزادی کو مقدم جانا اور اسے فروغ دیا لیکن اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ صحافتی اخلاقیات کے مطابق واقعے کو تخلیق کرنے کے بجائے رپورٹ کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام میں سنسنی خیز خبروں کی اہمیت کم ہوتی جا رہی ہے اور صحافتی حلقوں کو اظہار رائے کی آزادی کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی کو بھی مدنظر رکھنا چاہئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں