پی پی پارلیمنٹیرینز کا ناراض رہنماؤں سے رابطے کا فیصلہ

رہنماؤں کو ٹاسک دیدیے،آصف زرداری اور بلاول سے ملاقات کرائی جائے گی۔

رہنماؤں کو ٹاسک دیدیے،آصف زرداری اور بلاول سے ملاقات کرائی جائے گی۔ فوٹو : فائل

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز نے آئندہ عام انتخابات کیلیے ہوم ورک تیز کرتے ہوئے ناراض کارکنوں اور رہنماؤں سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس ضمن میں پارٹی قیادت نے ملک بھر میں ناراض رہنماؤں سے رابطوں کا ٹاسک بھی دے دیا ہے، یہ رہنما ناراض کارکنوں اور سابق امیدواروں سے رابطے کرکے قیادت کے پیغامات پہنچائیں گے اور ضرورت محسوس ہوئی وہاں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے بھی ملاقات کرائی جائے گی۔


دوسری جانب پنجاب میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ، ندیم افضل چن، مخدوم احمد محمود ناراض کارکنوں سے رابطے کریں گے۔ خیبرپختونخوا میں یہ زمہ داری پارٹی کے سینئر رہنما ہمایوں خان اور سابق ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی کو سونپی گئی ہے۔

اسی طرح بلوچستان میں پارٹی کے صوبائی صدر علی مدد جتک اور میرصادق عمرانی پارٹی کارکنوں سے رابطے کریں گے جبکہ سندھ میں پارٹی رہنما فریال تالپور، سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ اور نثار کھوڑو ناراض پارٹی کارکنوں سے رابطے کریں گے اور انھیں پارٹی میں دوبارہ فعال ہونے کیلیے قائل کریں گے۔

 
Load Next Story