برطانوی فوج کے کمانڈر فیلڈ آرمی لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک نکولس سینڈ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کی فوج نے قبائلی علاقوں میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف حیران کن کامیابیاں حاصل کی ہیں جن کی 150سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی اور اس کیلیے پاک فوج کریڈٹ کی مستحق ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں پاکستان کے70واں یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک نکولس سینڈر نے کہاکہ پاکستان نے وزیرستان میں جو کامیابی حاصل کی ہے وہ ہر معیار سے انتہائی غیرمعمولی ہے اور اس علاقے میں گزشتہ 150سال کے دوران یہ انتہائی کامیاب ترین آپریشن تھا، برطانیہ نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کو سپورٹ کرکے اپنا کردار اداکیاہے۔
لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک نکولس نے سامعین کو بتایاکہ پاکستان نے تمام ممالک کی مجموعی جانی قربانی سے زیادہ جانی قربانی پیش کی ہے۔
واضح رہے کہ تقریب کا اہتمام ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز (ڈبلیو سی او پی) نے پاکستانی ہائی کمیشن اورکنزرویٹو فرینڈز آف پاکستان کے تعاون سے کیا تھا جبکہ تقریب سے پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس، ضمیر چوہدری اور سید قمر رضا نے بھی خطاب کیا۔