وزیراعظم کی وزیرداخلہ کو نیوزلیکس کے نئے نوٹیفکیشن میں ابہام دورکرنے کی ہدایت

وزیراعظم اور وزیرداخلہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس کے بعد نیا نوٹیفکیشن جلد جاری ہونے کا امکان ہے، ذرائع


ویب ڈیسک May 08, 2017
وزیراعظم اور وزیرداخلہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس کے بعد نیا نوٹیفکیشن جلد جاری ہونے کا امکان ہے، ذرائع، فوٹو؛ فائل

وزیراعظم نوازشریف نے وزیرداخلہ چوہدری نثار كو نیوز لیكس معاملے پر نئے نوٹیفكیشن كے حوالے سے تمام ابہام دوركرنے كی ہدایت كردی۔

نمائندہ ایکسپریس كے مطابق نیوزلیكس كے معاملہ پر وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان تسلسل كے ساتھ وزیراعظم سے ملاقاتیں كررہے ہیں اور اسی حوالے سے پیر کے روزبھی وزیراعظم اور وزیرداخلہ کی چوتھی ملاقات ہوئی جس میں نیوزلیكس معاملے كے حتمی نوٹیفكیشن سے متعلق تبادلہ خیال كیا گیا اور نوٹیفكیشن كو حتمی شكل دینے كے لیے وزیرداخلہ نے وزیراعظم سے تفصیلی مشاورت كی ہے۔

ذرائع كا كہنا ہے كہ ملاقات میں نیوزلیكس معاملے كے حتمی نوٹیفكیشن سے متعلق امور كوزیرغور لایا گیا اور رپورٹ كے حوالے سے تمام تكنیكی پہلوؤں كاجائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں تفصیلی مشاورت كا مقصد نوٹیفكیشن منظر عام پر آنے سے پہلے معاملے كے تمام پہلوؤں كو مدنظر لانا اور شامل كرنا ہے جب کہ اہم ملاقات کے بعد توقع ہے كہ نیوز لیکس کے حوالے سے جلد نیا نوٹیفكیشن جاری ہوگا۔

واضح رہے کہ نیوز لیکس کی تحقیقاتی کمیٹی کے رپورٹ کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسر کو عہدے سے ہٹادیا گیا تاہم پاک فوج کی جانب سے نیوزلیکس کے نوٹی فکیشن کو مسترد کردیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔