گلشن اقبال ڈینٹل کلینک میں سلنڈر دھماکے سے 2افراد ہلاک 3زخمی

دھماکے سے محمد انور نامی شخص موقع پر ہی ہلاک ہوگیا اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔


Staff Reporter January 23, 2013
پولیس کا کہنا ہے کہ کلینک میں مصنوعی انسانی دانت اور بتیسی بنانے کا کام ہوتا تھا جبکہ کلینک میں رکھا ہوا سلنڈر پھٹنے سے ہلاک ہونے والے دونوں مزدور تھے۔ فوٹو: ایکسپریس

گلشن اقبال میں ڈینٹل کلینک میں سلنڈر دھماکے میں 2 افراد ہلاک جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ کورنگی میں ایل پی جی سلنڈر پھٹنے سے 2 بچے زخمی ہوگئے، تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال بلاک 13 گیلانی ریلوے سرکلر اسٹیشن کے قریب ایس ایم صدیق ڈینٹل کلینک میں رکھا ہوا سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے باعث ڈینٹل لیبارٹری میں تباہی پھیل گئی ، دھماکے سے محمد انور نامی شخص موقع پر ہی ہلاک ہوگیا اور 4 افراد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال لیجایا گیا جہاں 28 سالہ ایاز نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔

زخمیوں میں فیصل صدیقی اور عبدالرزاق سمیت 3 افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، دھماکے میں ہلاک ہونے والے محمد انور کے اعضا جسم سے علیحدہ ہوگئے ، دھماکے کی آواز سن کر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے لیا۔



پولیس کا کہنا ہے کہ کلینک میں مصنوعی انسانی دانت اور بتیسی بنانے کا کام ہوتا تھا جبکہ کلینک میں رکھا ہوا سلنڈر پھٹنے سے ہلاک ہونے والے دونوں مزدور تھے جو کہ لیبارٹری کے عقب میں راج مستری کا کام کر رہے تھے ، پولیس کلینک میں پیش آنے والے واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

کورنگی کے علاقے ایک نمبر میں خالی ایل پی جی کی دکان سے متصل خالی پلاٹ پر رکھا ہوا سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 10 سالہ حبیبہ اور 6 سالہ عبدالوہاب زخمی ہوگیا جنھیں فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لایا گیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے دکان کی دیوار کو نقصان پہنچا ہے تاہم پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں