ون ڈے رینکنگ پاکستان کے پاس ٹائیگرز سے آگے نکلنے کا موقع

بنگلہ دیش کی ٹرائنگولر سیریز میں ناقص کارکردگی گھربیٹھے نمبر7 بنا دے گی

بنگلہ دیش کی ٹرائنگولر سیریز میں ناقص کارکردگی گھربیٹھے نمبر7بنا دے گی : فوٹو : ایکسپریس

پاکستان کو ٹائیگرز سے آگے نکلنے کا موقع مل گیا، بنگلہ دیش کی ٹرائنگولر سیریز میں ناقص کارکردگی گرین شرٹس کو گھربیٹھے ون ڈے رینکنگ میں ساتویں پوزیشن دلا دے گی، نیوزی لینڈ سے دونوں اور آئرلینڈ سے ایک میچ ہارنے پربنگال ٹائیگرز آٹھویںنمبر پرپہنچ جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اس وقت ون ڈے رینکنگ میں بنگلہ دیشی ٹیم 91 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے،وہ جمعے سے آئرلینڈ میں میزبان اور نیوزی لینڈ کیخلاف ٹرائنگولر سیریز میں شریک ہوگی جہاں پر اسے دونوں ٹیموں سے2،2 میچز کھیلنا ہیں۔ اس وقت بنگال ٹائیگرز کو آٹھویں نمبر پر موجود پاکستانی ٹیم پر 3 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے، اس میں وہ ٹرائنگولر سیریز کے دوران مزید اضافہ کرکے اپنی ورلڈ کپ میں براہ راست انٹری کو یقینی بنا سکتا ہے،اس مقصد کیلیے اسے نیوزی لینڈ سے کم سے کم ایک اور آئرش ٹیم پر 2 میچز میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی، اس صورت میں ٹیم کے پوائنٹس کی مجموعی تعداد 94 اور وہ چھٹے نمبر پر موجود سری لنکا سے بھی آگے نکل جائے گی، ایونٹ کے چاروں میچز میں کامیابی کی صورت میں پوائنٹس 97 تک جا پہنچیں گے۔


اگر بنگال ٹائیگرز آئرلینڈ سے دونوں میچز جیتے اور کیویز سے دونوں ہار گئے تو پھر ان کے پوائنٹس 90 ہوں گے،مگر پاکستان سے پھر بھی 2 پوائنٹس آگے ہی ہوں گے، اگر بنگلہ دیشی ٹیم نیوزی لینڈ سے دونوں اور آئرلینڈ سے ایک میچ ہارگئی تو پھر 87 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان سے نیچے آٹھویں نمبر پر چلی جائے گی،ایونٹ کے تمام میچز میں ناکامی بنگلہ دیش کے پوائنٹس کو 83 تک محدود کردے گی مگر وہ پھر بھی نویںنمبر کی ویسٹ انڈیز سے4 پوائنٹس زیادہ ہی ہوں گے۔

پاکستان ٹیم اس وقت 88 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود اور غیریقینی کی صورتحال ابھی ختم نہیں ہوئی، اسے اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کیلیے چیمپئنز ٹرافی میں فتوحات حاصل کرنا ہوں گی۔اس وقت بیٹسمین رینکنگ کے ٹاپ ٹین میں بابر اعظم بدستور آٹھویں نمبر پر موجود ہیں، ٹاپ 10 بولرز میں کوئی پاکستانی شامل نہیں جبکہ آل راؤنڈرز میں محمد حفیظ کا دوسرا نمبر ہے۔
Load Next Story