کسی نے نئے پاکستان کا حشر دیکھنا ہے تو خیبرپختونخوا چلا جائے وزیراعظم

دھرنا، گالیاں یا الزام لگانے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنے آئے ہیں کیونکہ یہی عوام ہم سے سوال کرے گی، نوازشریف


ویب ڈیسک May 11, 2017
دھرنا، گالیاں یا الزام لگانے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنے آئے ہیں کیونکہ یہی عوام ہم سے سوال کرے گی، نوازشریف، فوٹو؛ اے پی پی

وزیراعظم نوازشریف نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہےکہ آپ ایک صوبہ دیا گیا مگر افسوس وہاں نہ اسپتالوں کی کوئی حیثیت ہے اور نہ سڑکیں بن رہی ہیں لہٰذا کسی نے نئے پاکستان کا حشر دیکھنا ہے تو خیبرپختونخوا چلا جائے۔



چیچہ وطنی میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ یہاں کے عوام سے محبت کا رشتہ مضبوط کرنے آیا ہوں اور ہمیشہ اسے نبھاؤں گا، مجھے پتا ہے آپ لوگ میرے ساتھ ہیں کیوں کہ ہمیشہ آپ نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین صرف الزام لگانا جانتے ہیں، انہیں پاکستان کے کلچر کا علم نہیں، جہاں بڑوں، خواتین کا احترام اور چھوٹوں سے پیار کیا جاتا ہے، انہیں یہ پتا نہ ہونے کے باعث ہی عوام ان کا ساتھ چھوڑتے چلے جارہے ہیں۔



وزیراعظم نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو ایک صوبہ دیا گیا مگر افسوس وہاں نہ اسپتالوں کی کوئی حیثیت ہے اور نہ سڑکیں بن رہی ہیں مگر آپ نے خوشحالی دیکھنی ہے تو باقی پاکستان کے اندر آپ کو خوشحالی نظر آئے گی جہاں کسان بھی خوش ہیں اور پنجاب میں ترقیاتی کام تیز رفتاری سے ہورہے ہیں، کسی نے نئے پاکستان کا حشر دیکھنا ہے تو خیبرپختونخوا چلا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں دھرنا، گالیاں دینے یا الزام لگانے نہیں آیا بلکہ عوام کی خدمت کرنے آیا ہوں، یہ عوام 5 سال بعد ہم سے سوال پوچھے گی کہ ہم نے ان کے لیے کیا کیا۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ 2018 تک ملک سے لوڈ شیڈنگ مکمل طور پر ختم ہوجائے گی اور بجلی سستی بھی ہوگی۔



وزیراعظم نوازشریف نے چیچہ وطنی کو براہ راست موٹروے سے ملانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ سڑکیں صرف پنجاب میں نہیں بن رہیں بلکہ دھرنا دینے والوں کے صوبے میں بھی ہم موٹروے بنا رہے ہیں، سندھ اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں ترقیاتی کام ہورہے ہیں اور پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ہورہا ہے جب کہ اگلے چند سالوں میں پاکستان ترقی کے عروج پر ہوگا اور دنیا میں اپنا مقام پیدا کرے گا۔ انہوں نے چیچہ وطنی میں ترقیاتی کاموں کے لیے 60 کروڑ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |