یونس نے افغان ٹیم کی کوچنگ کاامکان مسترد کردیا

ایساکوئی ارادہ نہیں،5سال قبل کی پیشکش کو نیا رنگ دیا گیا، سینئر بیٹسمین


Sports Desk May 12, 2017
ایساکوئی ارادہ نہیں،5سال قبل کی پیشکش کو نیا رنگ دیا گیا، سینئر بیٹسمین فوٹو : اے ایف پی/فائل

یونس خان نے افغان ٹیم کی کوچنگ کاامکان مسترد کردیا،کیریئر کا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے سینئر بیٹسمین نے اطلاعات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہاکہ میں ایسا کوئی ارادہ نہیں رکھتا،5سال قبل کی پیشکش کو نیا رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ چیف عاطف مشال نے بی بی سی کو انٹرویو میں دعوٰی کیا تھا کہ یونس خان نے ان کی ٹیم کا کوچ بنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے،ابھی ہم کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچے لیکن چاہتے ہیں کہ ٹیم کی تربیت کے لیے اچھے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کریں، انھوں نے کہا کہ یونس خان اس ذمے داری کو سنبھالنے کیلیے راضی ہیں،اگر ان کا افغان بورڈ سے معاہدہ ہوگیا تو وہ بطورکوچ ملک میں خدمات سرانجام دینے والے تیسرے پاکستانی کرکٹر ہوں گے،اس سے قبل انضمام الحق اور کبیر خان یہ فرائض نبھا چکے ہیں۔

عاطف مشال نے کہاکہ ہم اپنے طور پر تمام امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔بعد ازاں ایک پاکستانی ویب سائٹ کو انٹرویو میں یونس خان نے واضح کیا کہ میری اس حوالے سے افغان کرکٹ بورڈ سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی، ایک پرانی بات کو نیا رنگ دینے کی کوشش کی گئی ہے،افغانی حکام نے میرے ساتھ 2012یا 2013میں رابطہ کرتے ہوئے بطور بیٹنگ کوچ خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی، میں ملک کی نمائندگی کررہا تھا، اس لیے انکار کر دیا،اب بھی میرا افغانستان جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔یاد رہے کہ افغانستان میں کرکٹ پاکستان میں کئی دہائیوں سے بسنے والے افغان پناہ گزینوں کی وجہ سے پہنچی،ٹیم بھارت میں 10 روزہ تربیت کے بعد اب 3 ٹی ٹوئنٹی اور اتنے ہی ون ڈے میچزکی سیریز کیلیے ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے والی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔