سلامتی کونسل نے کثیرالجہتی امن مشنزکی منظوری دیدی

امن کیلیے مربوط کوششیں کی جائیں، پاکستانی سیکریٹری خارجہ کی زیرصدارت اجلاس


APP January 23, 2013
نیویارک: پاکستان کے سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: آئی این پی

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کثیر الجہتی امن مشنزکی اتفاق رائے سے منظوری دیتے ہوئے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ ان مشنز کے ذریعے تنازعات کے حل اور بعد ازاں وہاں امن اور ترقی کیلیے مل کر کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

پاکستانی سیکریٹری خارجہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں شرکا نے اس امر پر زور دیا کہ کسی انتشار زدہ علاقے میں امن و استحکام ، تعمیر اور ترقی کی منازل طے کرنے کیلیے کی جانیوالی کوششیں مربوط اندازمیں سرانجام دی جانی چاہئیں۔ اراکین کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک یا خطے میں جلد امن سے بین الاقوامی اعتماد بحال اورملکی سیاسی صورتحال مستحکم ہوتی ہے۔

اس ضمن میں عالمی مشنز متاثرہ شہریوں کے تحفظ، قوانین کے نفاذ اور مقامی سیاسی استحکام کیلیے ان ملکوں کی سرکاری مشینری، پولیس اورفوج کو مربوط انداز میں استعمال کرسکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ عالمی ادارہ مشکلات کے باوجود دنیا بھرمیں استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک یا خطے میں کثیرالجہتی کوششوں سے وہاں کے سیاسی تحفظ، انسانی حقوق کی فراہمی اور قانون کی عملداری ایک مہنگا عمل ہے مگر اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ بھی نہیں۔

18

اس موقع پر پاکستان کے سیکریٹری خارجہ جلیل عباس نے کہا کہ اقوام متحدہ نے دنیا بھرمیں لاکھوں جانوں کی بقا، بکھری اقوام کو متحد کرنے اور ان کی تعمیرنومیں اہم کردار ادا کیا ہے۔ عالمی ادارے کے پرچم تلے کثیرالجہتی امن کوششوں نے انتشار زدہ اقوام کو امن کا گہوارہ بنا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ نے دنیا میں ایک وقت میں مختلف انواع کے کئی واقعات کو کثیرالجہتی کوششوں سے بہتر انداز میں حل کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں